بیگم کلثوم ....آہوں‘ سسکیوں میں سپردخاک‘ سیاسی شخصیات کے ہزاروں افراد کی شرکت

Sep 15, 2018

لاہور (خصوصی نامہ نگار+ خبرنگار+ نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کو جاتی امرا میں آہوں، سسکیوں میں سپردخاک کر دیا گیا ہے۔ ان کی نماز جنازہ شریف میڈیکل سٹی میں ادا کی گئی۔ اس موقع پر ہر آنکھ اشکبار تھی۔ اس موقع پر نواز شریف، شہباز شریف، حمزہ شہباز، گورنر پنجاب چودھری سرور، میاں عبدالرشید، چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی، سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، فضل الرحمٰن، سراج الحق، مسلم لیگ ق کے چودھری شجاعت، چودھری پرویز الہٰی، پیپلزپارٹی کے سابق وزراءاعظم یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف، اے این پی کے غلام احمد بلور، محمود اچکزئی، ایم کیو ایم کے خالد مقبول صدیقی، فاروق ستار، عتیق احمد، امیر مقام، عارف سندھیلہ اور دیگر رہنما¶ں سمیت ہزاروں افراد نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔ نماز جنازہ میں عام کارکنوں کی بہت بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ نماز جنازہ مولانا طارق جمیل نے پڑھائی۔ نماز جنازہ کے فوراً بعد نواز شریف، شہباز شریف، مولانا طارق جمیل اور دیگر رہنما اپنی گاڑیوں میں بیٹھ کر روانہ ہو گئے۔ مرحومہ کو ان کے سسر میاں شریف کے پہلو میں سپردخاک کیا گیا۔ قبل ازیں سابق خاتون اول کا جسد خاکی ہیتھرو ایئرپورٹ سے پی آئی اے کی پرواز پی کے 758 کے ذریعے لاہور پہنچایا گیا۔ پرواز نے چھ بجکر اڑتالیس منٹ پر لاہور ایئرپورٹ پر لینڈ کیا۔ شریف فیملی کے تیرہ افراد شہبازشریف، اسما ڈار، حلیمہ ڈار، عثمان ڈار، سائرہ صالح، زکریا حسین شریف، صلاح الدین بٹ، صائمہ طارق، ڈاکٹر خدیجہ حفیظ مرزا، ڈاکٹر عدنان، فیصل ٹوانہ اور اعجاز گل میت کے ہمراہ لاہور آئے۔ حمزہ شہباز، سلمان شہباز، یوسف عباس، عزیز عباس اور عطا تارڑ نے ایئرپورٹ سے میت کو وصول کیا۔ اس موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے۔ جاتی امرا سمیت انیس مقامات پر پولیس اہلکار ڈیوٹی پر مامور رہے۔ تین ایس پی، تین ڈی ایس پی، چھ ایس ایچ او بھی سکیورٹی ڈیوٹی انجام دیتے رہے۔ مختلف مقامات پر ایلیٹ فورس کی نو گاڑیوں کی پیٹرولنگ جاری رہی۔ سابق وزیراعظم نوازشریف نے شریف میڈیکل سٹی میں اپنی اہلیہ کلثوم نوازکا دیدار کیا، مریم نواز اور شریف فیملی کے دیگر افراد نے بھی بیگم کلثوم نواز کا آخری دیدار کیا۔ اس موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے۔ ملک بھر سے بڑی تعداد میں رہنما اور کارکن جاتی امرا پہنچے۔ دوسرے شہروں سے رہنماﺅں، کارکنوں کی بڑی تعداد ایک روز قبل ہی جاتی امرا پہنچ گئی اور نماز جنازہ کی ادائیگی تک وہیں موجود رہے۔ دوسرے صوبوں سے آنے والوں میں خواتین کی بڑی تعداد بھی شامل تھی۔ پنجاب کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے رہنماﺅں اور کارکنوں کی آمد جمعہ کی صبح سے شروع ہو گئی۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما خورشید شاہ کی قیادت میں پیپلزپارٹی کے وفد نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ نماز جنازہ کے بعد پیپلزپارٹی کے وفد نے جاتی امراءمیں سابق وزیراعظم سے ملاقات کر کے ان سے اظہار تعزیت کیا۔ پیپلزپارٹی کے وفد میں پیپلزپارٹی سنٹرل پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ سمیت دیگر پارٹی رہنما شامل تھے۔ مسلم لیگ ق کے ایک وفد نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ سپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہٰی کی قیادت میں وفد جاتی امراءپہنچا جہاں انہوں نے پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف سے بیگم کلثوم نواز کی وفات پر اظہار تعزیت کیا۔ خواتین کے قافلے بھی بڑی تعداد میں جاتی امرا پہنچے۔ رائیونڈ سے نامہ نگار کے مطابق مسلم لیگی رہنماﺅں ایم این اے ملک محمد افضل کھوکھر، ایم پی اے محمد مرزا جاوید، ایم پی اے کرنل (ر) رانامحمد طارق ساتھیوں کے ہمراہ نواز شریف فارم پر موجود رہے۔ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف خود گاڑی ڈرائیو کرکے جاتی امرا سے شریف میڈیکل سٹی آئے۔ معروف عالم دین مولانا طارق جمیل بھی نواز شریف کے ساتھ گاڑی میں موجود تھے۔ نواز شریف، مولانا طارق جمیل کو بے پناہ رش کی وجہ سے گاڑی سے نیچے اترنے میں مشکلات کا سامنا رہا۔ ملی مسلم لیگ اور جماعة الدعوة کے وفود نے ملی مسلم لیگ کے صدر سیف اللہ خالد کی قیادت میں محمد یعقوب شیخ اور حافظ خالد ولید جماعة الدعوة کے ترجمان یحییٰ مجاہد و دیگر جنازہ میں شریک ہوئے۔ امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان سینیٹر پروفیسر ساجد میر، حاجی عبدالرزاق، مولانا عبدالباسط شیخوپوری اور میاں راشد نے جنازہ میں شرکت کی۔ نواز شریف نے نماز جمعہ بھی شریف میڈیکل سٹی کی مسجد میں ادا کی۔ مختلف سیاسی رہنماﺅں نے مرحومہ کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ کلثوم نواز ایک بہادر خاتون تھیں وہ جمہوریت کے لئے اس وقت میدان میں نکلیں جب پوری پارٹی زیر عتاب تھی اور پوری فیملی جیلوں کے اندر تھی اور مشرف کا مارشل لاءتھا۔ جاتی امرا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ بیگم کلثوم نواز نے ملک کو ایک نئی جہد اور سیاسی کلچر دیا۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ ایک غیر سیاسی خاتون ہونے کے باوجود بیگم کلثوم نواز کا کردار اور خدمات تھیں جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔سینیٹر کامل علی آغا، میاں عمران مسعود، میاں منیر، چودھری شافع حسین اور چودھری سالک حسین نے بھی نمازجنازہ میں شرکت کی۔ نائب امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر فرید احمد پراچہ کی قیادت میں جماعت اسلامی کے وفد نے جاتی عمرہ میں کلثوم نواز کی نماز جنازہ میں شرکت کی ۔ قبل ازیںمتحدہ مجلس عمل کے وفد نے سابق وزیراعظم میاں محمد نوازشریف اور ان کے خاندان کے ساتھ بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر تعزیت کی۔ وفد میں مولانا فضل الرحمن ، لیاقت بلوچ ، پیراعجاز ہاشمی ، مولانا عبدالغفور حیدری ، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ، مولانا محمد امجد خان ، مولانا عبدالواسع ، رانا شفیق پسروری ، مولانا صلاح الدین ، بلال قدرت بٹ ، نذیر احمد جنجوعہ ، بلال میر اور دیگر رہنما شامل تھے ۔ کلثوم نواز کی رسم قل کل اتوار کو بعد از نماز عصر ادا کی جائیگی۔سابق صوبائی وزیر چودھری محمدریاض بھی لندن سے میت کے ساتھ آئے اور نمازجنازہ میں شرکت کی۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق سابق وفاقی وزیر و رکن قومی اسمبلی خرم دستگیر کی قیادت میں سابق ایم پی اے عذرا صابر خان ، کاشف صابر خان ، ممبر میونسپل کارپوریشن ناصر محمود کھوکھر، ممبران صوبائی اسمبلی حاجی عبدالرﺅف مغل، حاجی وقار چیمہ، عمران خالد بٹ، توفیق احمد بٹ، سفیان قیصر بٹ، ذاکر نواب، حاجی امان اللہ وڑائچ، چوہدری اشرف علی انصاری، پی آر او نذیر احمد مغل، ماما شہباز، رانا مون کے علاوہ سابق ایم پی اے پیر غلام فرید، شازیہ سہیل میر سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔ کامونکے سے نامہ نگار کے مطابق کلثوم نواز کی نمازجنازہ میں شرکت کیلئے این اے 83 سے لیگی ایم این اے چودھری ذوالفقار علی بھنڈر اور پی پی 60 کے ایم پی اے چودھری قیصر اقبال سندھو اور پی پی 61 کے ایم پی اے چودھری اخترعلی خاں الگ الگ لاہور روانہ ہوئے۔ممتاز نعت خواں عبدالرزاق جامی نے بیگم کلثوم نواز کو لحد میں اتارنے کے بعد نوازشریف اور ان کے خاندان کے دیگر افراد کے ہمراہ قبر پر دعاکی۔ اس موقع پر عبدالرزاق جامی نے نعتیہ کلام پیش کیا اور اللہ ہو کا ورد کرایا۔ انہوں نے اس موقع پر صوفی بزرگ میاں محمد بخش کا کلام بھی ترنم کے ساتھ پیش کیا جس سے لوگ اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور ان کی آنکھیں نم ہو گئیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا (آج) ہفتہ کوجاتی امرا جانے کا امکان ہے جہاں وہ سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کر کے انکی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر تعزیت کریں گے۔ ذرائع نے بتایا یہ ملاقات کلثوم نواز کی تدفین کے بعد رسم قل سے پہلے ہوگی۔


کلثوم نواز

مزیدخبریں