نئی نسل کو کرپشن سے پاک نیا پاکستان دیں گے: میاں اسلم

لاہور(کامرس رپورٹر)صوبائی وزیرصنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی ویژنری قیادت میں ایسے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں جس سے عوام کی زندگیوں میں بہتری آئے گی۔ملک کو ایسی سچی اور مخلص قیادت ملی ہے جو ملک وقوم کی تقدیر بدلنے کی صلاحیت رکھی ہے۔نئی نسل کو کرپشن سے پاک نیا پاکستان دیں گے جہاں سب کو آگے بڑھنے کے یکساں مواقع ملیں گے۔روزگار کی فراہمی کو موجودہ حکومت کو100روزہ پلان میں بنیادی اہمیت حاصل ہے اور اس مقصد کے لئے ہر ضروری قدم اٹھایا جارہا ہے۔صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے ان خیالات کا اظہار مختلف وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ایسے پروگرام اور ترقیاتی منصوبے لائیں گے جن سے غریب عوام کو فائدہ پہنچے۔انہوں نے کہا کہ جامع صنعتی پالیسی کو حتمی شکل دی جارہی ہے جس کاجلد اعلان کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ غربت،بیروزگاری جیسے مسائل پر قابو پانے کے لئے صنعتی عمل کو فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے۔اسی مقصد کے پیش نظر ایسی مربوط اور جامع صنعتی پالیسی لائیں گے جس سے روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ترقی کے مقررہ اہداف کے حصول اور منزل پانے کے لئے دن رات ایک کردیں گے اور عوام کی ترقی وخوشحالی کا مشن پورا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ سرکاری اداروں میں خدمات کے عمل کو بہتر بنانے کے لئے بھی اصلاحات کا عمل شروع کیا گیا ہے اور اس کے نتائج جلد عوام کے سامنے آئیں گے۔

ای پیپر دی نیشن