بوسٹن (صباح نیوز)امریکی ریاست میسا چیوسٹس کے شہر بوسٹن میں گیس پائپ لائن میں لیکج سے متعدد گھروں میں گیس دھماکوں کے بعد آگ بھڑک اٹھی، حادثات میں ایک شخص ہلاک، جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔ بوسٹن کے نزدیک تین علاقوں میں گیس دھماکوں اور آگ لگنے کے 70 حادثات رونما ہوئے، جس کے بعد تینوں علاقوں کے پریشان حال لوگ سڑکوں پر نکل آئے۔ لوگوں کے سڑکوں پر بدحواس ہو کر نکل پڑنے سے ارد گرد کی سڑکوں پر ٹریفک جام ہوگیا۔ حکام نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اپنا گھر چھوڑتے وقت گیس کو بند کر دیں، متاثرہ علاقوں میں بجلی بھی بند کردی گئی۔ مقامی گیس کمپنی نے کہا ہے کہ ان علاقوں میں گیس کو مکمل طور پر بند کرنے میں کچھ وقت لگ سکتا ہے۔