ملتان (نامہ نگار خصوصی) روزنامہ نوائے وقت ملتان کے سابق سینئر سٹاف رپورٹر چوہدری عبدالطیف اختر گزشتہ روز انتقال کر گئے ان کی نماز جنازہ جامعہ خیر المدارس میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ مولانا شبیر الحق کشمیری نے پڑھائی ان کی تدفین جامعہ خیر المدارس کے قبرستان مقبرات الخیر میں ممتاز عالم دین مولانا خیر محمد جالندھری اور قاری رحیم بخش کے پہلو میں کی گئی نماز جنازہ میں سیاسی مذہبی سماجی اور صحافتی تنظیموں کے رہنماؤں اور عمائدین شہر اور علماء کرام کی بڑی تعداد شریک ہوئی نماز جنازہ سے قبل مفتی محمد عثمان نے سینئر صحافی چوہدری عبدالطیف اختر کی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ انہوں نے صحافتی فرائض ایمانداری سے ادا کئے جس کی وجہ سے ان کا صحافت میں نمایاں مقام تھا۔