لاہور(سپورٹس ڈیسک) ہانگ کانگ کے اعزاز خان نے کہا ہے کہ ایشیا کپ میں اپنے ہیروز کے خلاف کھیل کر بڑی خوشی ہوگی ۔ 25سالہ بائولر نے مزید کہا کہ فاسٹ بائولر محمد عامر کا سامنا کر کے بڑ امزہ آئے گا۔ محمد عامر جیسا کھیلنے کی کوشش کی ہے اور پہلی بار ان کے خلاف کھیلوں گا۔حقیقت میںبہت خوش ہوں ‘اپنے ہیرو کے ساتھ کھیلنے کیلئے بڑا اچھا محسوس کر رہا ہوں ۔ ان کیخلاف کھیلنے کا کبھی سوچا بھی نہیں تھا۔ ہماری ٹیم پاکستان اور بھارت کیخلاف کھیلے گی اس سے زیادہ کیا خوشی ہوسکتی ہے ۔ دونوں بہت بڑی ٹیمیں ہیں لیکن ہم مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں ۔ ہم نے سخت محنت کی ہے ‘کچھ اچھے بلے باز اور بائولرز موجود ہیں جو کسی بھی وقت کھیل کا پانسہ پلٹ سکتے ہیں۔ بڑی ٹیموں کیخلاف کھیلنے کیلئے پلاننگ کرلی ہے اور حکمت عملی کے تحت میدان میں اتریں گے ۔ یہ کرکٹ ہے اور ہم مقابلہ کرنے کیلئے آئے ہیں ‘اچھا کھیلیں گے اور ہوسکتا ہے کہ کوئی اپ سیٹ کردیں ۔