اسلام آباد(نیوز ڈیسک)آل پاکستان بزم واعظین و ذاکرین کی نمائندہ تنظیم تحریک تحفظ ولاء و عزا وحرمت سادات کے چیف آرگنائزر مخدوم سید نزاکت حسین نقوی نے کہا ہے کہ محرم الحرام نواسہ رسولؐ سید الشہدا حضرت امام حسین علیہ السلام کی انمول لازوال قربانی کی یادگار ہے جس میں تمام مکاتب مل جل کر امام عالی مقام کی یاد مناتے ہیں لہذا حکومت انتظام کے نام پر اس مہینے کو پابندیوں کا شکنجہ بنا کر پیش نے کرے اور عزاداروں کیساتھ انتظامیہ کو مکمل تعاون کرنے کی ہدایت جاری کرے ، علما و ذاکرین کی حفاظت کیلئے سیکیورٹی گارڈ فراہم کیے جائیں،زبان بندی سمیت مختلف قسم کی پابندیاں لگانے کے بجائے ضابطہ عزاداری پر عمل کروایا جائے اور خلاف ورزی اور دل آزاری کرنے والوں کیخلاف ٹھوس شواہد کی بنیاد پر کاروائی کی جائے،بصورت دیگر کسی خطیب یا ذاکر کو بلا وجہ تنگ کرنے کو عزاداری میں مداخلت سمجھا جائیگا ۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ کالعدم تنظیموں کی زبان بولنے کے بجائے عزاداروں کیساتھ بھر پور تعاون کرے ،کالعدم عناصر اور محب وطن جماعتوں کو ایک لاٹھی سے نہ ہانکے اور انتظامیہ میں گھسی کالی بھیڑوں کو اختیار ات کا ناجائز استعمال کرنے سے روکے۔