سعودی نائب وزیردفاع کی یمنی صدر سے ملاقات، آئینی حکومت کے لئے حمایت کا اعلان

Sep 15, 2019

ریاض (این این آئی )سعودی عرب کے نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے عبدالعزیز نے جمعے کے روز ریاض میں یمنی صدر عبدربہ منصور ہادی سے ملاقات کی ہے۔سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ملاقات میں شہزادہ خالد نے باور کرایا کہ یمن میں امن و سلامتی اور استحکام کو یقینی بنائے جانے تک سعودی عرب صدر عبدربہ منصور ہادی کے زیر قیادت یمن اور اس کی آئینی حکومت کی سپورٹ کے موقف پر ثابت قدم رہے گا۔ یہ پیش رفت خلیجی منصوبے، اقوام متحدہ کی قراردادوں اور یمنی قومی مکالمے کے اعلامیے کے تحت عمل میں آنی چاہیے۔ یمن کا امن مملکت کے امن کا جزو لا ینفک ہے۔ سعودی عرب ، ایران نواز حوثی ملیشیا کی بغاوت کا سامنا کرنے اور یمن کی وحدت، امن اور استحکام برقرار رکھنے کے سلسلے میں یمنی حکومت کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔اس موقع پر شہزادہ خالد نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے نیک تمناؤں کا پیغام یمنی صدر کو پہنچایا۔

مزیدخبریں