واشنگٹن (این این آئی، نیٹ نیوز) نوبل انعام یافتہ معروف خواتین نے بل اینڈ میلنڈا گیٹس فائونڈیشن سے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو ایوارڈ نہ دینے کی درخواست کی ہے۔ شمالی آئرلینڈ سے تعلق رکھنے والی امن کی سفیرمیریڈمیگوائر، یمنی صحافی توکل عبدالسلام کرمان اور مسلم دنیا کی پہلی خاتون بننے کا اعزاز رکھنے والی انسانی حقوق کی ترجمان ، ایرانی خاتون شیریںعبادی کی جانب سے گیٹس فائونڈیشن کو لکھے گئے خط میں یہ درخواست کی گئی ہے۔ اپنے خط میں انہوں نے لکھا ہے کہ بھارت میں انسانی حقوق اورجمہوریت کومستقل خطرہ لاحق ہے کیونکہ وہاں مسلمانوں اورعیسائیوں سمیت دیگر اقلیتوں پر حملے کیے جا رہے ہیں۔ خط کے مطابق نریندر مودی کی قیادت میں بھارت ایک خطرناک اور پرتشدد ملک بن چکا ہے لہذا گیٹس فانڈیشن کی جانب سے ان کو ایوارڈ دیے جانے کا اعلان تشویشناک ہے۔ ادھر گیٹس فائونڈیشن کے فیصلے پر انسانی حقوق گروپوں کی آن لائن پٹیشن پر لاکھوں افراد نے دستخط کئے ہیں۔ واضح رہے کہ بل اینڈ میلنڈا گیٹس فائونڈیشن کی جانب سے بھارت کے متنازعہ وزیر اعظم کو رواں ماہ کے آخر میں ایوارڈ سے نوازے جانے کا اعلان کیا گیا تھا۔ یہ ایوارڈ انہیں اپنے ملک میں صفائی ستھرائی کا نظام کو بہتر بنانے کی کاوشوں کے اعتراف میں دیا جا رہا ہے۔
مودی کو ایوارڈ نہ دیں، نوبل انعام یافتہ خواتین کا گیٹس فائونڈیشن کو خط
Sep 15, 2019