سابق حکمرانوں نے جمہوریت کو تجوریاں بھرنے کیلئے استعمال کیا: عثمان بزدار

Sep 15, 2019

لاہور(نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پنجاب ہائوس مری اور گورنر انیکسی (فاریسٹ ریسٹ ہائوس بھوربن) کو بھی عوام کیلئے کھولنے کا فیصلہ کیا ہے جسے کل 16ستمبرکو عوام کیلئے کھول دیاجائے گا،کمرے کرائے پر حاصل کر نے کی سہولت ہوگی۔ پنجاب حکومت پہلے بھی مختلف محکموں کے 177 ریسٹ/ گیسٹ ہائوسز کو عوام کیلئے کھول چکی ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ سرکاری عمارتوں کو عوام کے لئے ریسٹ ،گیسٹ ہائوسز میں بدلنا وی آئی پی کلچر کے خاتمے کی جانب اقدام ہے۔ جمہوریت کے عالمی دن پر پیغام میں عثمان بزدار نے کہا ہے کہ جمہوریت عوام کی حکمرانی کا نام ہے اور تحریک انصاف کی حکومت جمہوریت پر کامل یقین رکھتی ہے اور ہم جمہوریت اور جمہوری ادارو ںکے استحکام کیلئے پرعزم ہیں۔ ماضی میں جمہوریت کو ذاتی تجوریاں بھرنے کیلئے استعمال کیا گیا۔ جمہوریت کی آڑ میں لوٹ مار اور کرپشن کرنا عوام کے ساتھ دھوکہ اور ظلم ہے۔ سابق حکمرانوں نے ذاتی مفادات کو ترجیح دے کر جمہوریت کو نقصان پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ سب سے بڑی نام نہاد جمہوریت بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں غیر جمہوری اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو عرصہ دراز سے جمہوری حق سے محروم کر رکھا ہے۔ مودی سرکار کشمیری عوام کو جمہوری حق دینے کی بجائے ان پر انسانیت سوز مظالم ڈھا رہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے تحریک پاکستان کے کارکن و سینئر صحافی حامد علی خان ، ماضی کی معروف براڈ کاسٹر ثریا شہاب کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ عثمان بزدارنے سعودی عرب سے صوبائی انتظامیہ کو انسدادڈینگی کیلئے خصوصی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ انسداد ڈینگی مہم کومزید موثر انداز میں آگے بڑھایا جائے اور ڈینگی کے مرض کو کنٹرول کرنے کیلئے محکمہ صحت کے حکام اورانتظامی افسران فیلڈ میں ایس او پیز پر عملدر آمد یقینی بنائیں۔ وزیراعلیٰ نے چلڈرن ہسپتال لاہورمیں بجلی کی طویل بندش کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے صوبائی وزیرصحت اورسیکرٹری صحت سے رپورٹ طلب کر لی ہے ۔ عثمان بزدار نے پاک افغان سرحدپرشرپسندوںکی فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے ۔وزیراعلیٰ نے فائرنگ سے شہید ہونے والے پاک فوج کے جوانوں کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
مکہ مکرمہ (ممتاز احمد بڈانی ) عثمان بزدار نے مدینہ منورہ میں روضہ رسول ؐ پر حاضری دی اور ملکی سلامتی اور آزادی کشمیرکیلئے خصوصی دعا بھی کی۔ وزیراعلیٰ آج عمرہ کی ادائیگی کیلئے مکہ مکرمہ جائیں گے۔

مزیدخبریں