مریدکے: گیس سلنڈر پھٹنے سے خاتون ہلاک، بہنوئی نے جلایا، ورثاء کا الزام

Sep 15, 2019

مریدکے (نامہ نگاران) تھانہ صدر کے نواحی علاقہ ننگل ساہداں میں گیس سلنڈر پھٹنے سے خاتون جھلس کر جاں بحق ہوگئی۔ متوفیہ کی بہن نے بہنوئی پر چوتھی شادی کرنے کی خاطر پٹرول چھڑک کر جلانے کا الزام عائد کر دیا۔ پولیس نے رپورٹ درج کرکے مبینہ ملزم کے والد کو حراست میں لے لیا. بتایا گیا ہے کہ ننگل ساہداں کے رہائشی زاہد ولد بوٹا کی تیسری اہلیہ کھانا بنا رہی تھی کہ گیس سلنڈر پھٹنے سے بری طرح جھلس گئی اور بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔ متوفیہ کی بہن کے مطابق اس کا بہنوئی زاہد چوتھی شادی کا خواہشمند تھا اور اس نے پٹرول چھڑک کر اپنی اہلیہ کو جلا کر مار ڈالا ہے۔ وقوعہ کے بعد زاہد گھر سے غائب ہوگیا۔ تھانہ صدر پولیس نے مقدمہ درج کرکے زاہد کے والد بوٹا کو حراست میں لینے کے بعد لاش پوسٹمارٹم کیلئے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال مریدکے پہنچا دی ہے۔

مزیدخبریں