نیویارک(این این آئی) امریکی رکن کانگریس راشدہ طلیب نے بھارتی حکومت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی پامالیوں کی ذمہ داری قبول کرے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی رکن کانگریس راشدہ طلیب نے ٹوئٹ کرتے ہوئے مقبوضہ وادی میں بھارتی حکومت کی جانب سے 40 روز سے عائد لاک ڈاؤن کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ میں بھارتی حکومت پر زور دیتی ہوں کہ وہ مقبو ضہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی پامالیوں کی ذمہ داری قبول کرے اور اس کے ذمہ داران کو سزا دی جائے۔ وادی میں جاری کرفیو اور ذرائع مواصلات پر پابندی ہٹائی جائے تاکہ مقبوضہ کشمیر کی اصل صورتحال واضح ہو سکے۔راشدہ طلیب نے مودی حکومت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں آرٹیکل 370 اور 35 اے کی منسوخی کی بھی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا میں آرٹیکل 370 اور آرٹیکل 35اے کی منسوخی کی شدید مذمت کرتی ہوں جس کے باعث وادی میں ذرائع مواصلات کی پابندی عائد کی گئی ہے، زندگی بچانے والی ادویات کا فقدان پیدا ہو گیا اور بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی پامالیاں جاری ہیں۔
بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق پامالیوں کی ذمہ داری قبول‘ ذرائع مواصلات پر پابندی ختم کرے: امریکی رکن کانگرس
Sep 15, 2019