غزہ(این این آئی)13 اکتوبر سنہ 1993ء کو فلسطینی اتھارٹی اور اسرائیل کے درمیان ایک معاہدہ طے پایا جسے اوسلوسمجھوتے کا نام دیا گیا۔ 1993ء میں طے پائے اس معاہدے کے بعد اب تک اسرائیلی فوج کے ہاتھوں ایک لاکھ 20 ہزار فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا۔ایک ویب سائٹ ’’فلسطینی زندانوں کے پیچھے‘‘ پر شائع رپورٹ میں فلسطینی تجزیہ نگار عبدالناصر فروانہ نے بتایا کہ سنہ 1993ء کے اوسلو سمجھوتے کے بعد قابض صہیونی ریاست کی طرف سے توہین اور تذلیل میں مزیدا ضافہ ہوا۔ فروانہ نے بتایا کہ سنہ 1993ء سے 2000ء تک فلسطینیوں کی گرفتاریوں میں کمی آئی مگر2000ء میں شروع ہونے والی تحریک انتفاضہ کے بعد فلسطینیوں کے خلاف صہیونی ریاست کا وحشیانہ کریک ڈائون شروع ہوا۔اوسلو معاہدے کے بعد دو ہزار خواتین اور 17500 بچوں کو حراست میں لیا گیا۔اس عرصے میں اسرائیلی زندانوں میں صہیونی فوج کے تشدد سے 107 فلسطینی جام شہادت نوش کرگئے۔ ان میں رواں ماہ 8 فلسطینی اسرائیلی عقوبتت خانوں میں شہید ہوئے۔