ملتان(نمائندہ خصوصی)دوماہ کے بعدریلوے انتظامیہ نے اکبربگٹی اورمال گاڑی کے حادثہ میں اکبربگٹی ایکسپریس کے ٹرین ڈرائیورکوذمہ دارقراردے کرگرفتارکرنے کافیصلہ کیاہے جبکہ آل پاکستان ٹرین ڈرائیورز ویلفیئر ایسوسی ایشن نے اکبربگٹی ایکسپریس کومال گاڑی سے ٹکرانے والے ٹرین ڈرائیور اور اسسٹنٹ ٹرین ڈرائیورکی گرفتاری کی صورت میں ملک بھرمیں ٹرین آپریشن کومکمل طور پر روک دینے کی دھمکی دے دی ہے۔ بتایا جاتاہے کہ 11جولائی کوپشاور سے کوئٹہ جانے والی اکبر بگٹی ایکسپریس ولہاڑ سٹیشن کی لوپ لائن پر پہلے سے موجود مال بردار ٹرین سے ٹکراگئی تھی جس میں21 سے زائد مسافر جاں اور 63 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔ حادثہ میں اکبربگٹی کی 5 اکانومی کلاس بوگیاں مکمل طور پر تباہ ہوگئی تھیں۔ ٹرین ڈرائیورز نے حادثہ کوسگنل سسٹم کی خرابی جبکہ ریلوے انتظامیہ نے ٹرین ڈرائیورکی طرف سے ریڈسگنل کونظراندازکرنے کوحادثہ کی وجہ قراردیا تھا اب بتایا جاتا ہے کہ ریلوے انتظامیہ نے اکبربگٹی ایکسپریس کے ٹرین ڈرائیورکوذمہ دارقراردے کرگرفتارکرنے کافیصلہ کیا ہے اس کے خلاف ایف آئی آر پہلے ہی درج ہوگئی تھی تاہم ٹرین ڈرائیورکوگرفتارکرنے کے پروگرام کی اطلاع موصول ہوتے ہی آل پاکستان ٹرین ڈرائیورز ویلفیئر ایسوسی ایشن نے بھی ملک بھرکے ٹرین ڈرائیوروں کوہدائت کی ہے کہ وہ اپنے ڈرائیور بھائی کی گرفتاری کی صورت میں میں ملک بھر میں ریل کاپہیہ جام کردیں۔