جمہوری نظام ہی آزادی رائے، احتسابی عمل کو یقینی بناتا ہے:صادق سنجرانی

Sep 15, 2019

اسلام آباد(نیوزرپورٹر)چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہاہے کہ صرف جمہوری نظام ہی آزادی رائے، احتسابی عمل اور انسانی حقوق کی فراہمی کو یقینی بناتا ہے۔ عالمی یوم جمہوریت کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ جمہوریت نہ صرف قانون کی حکمرانی اور بنیادی انسانی حقوق کا محور ہے بلکہ پائیدار امن اور ترقی کا پیش خیمہ بھی ہے۔ جمہوری حکمرانی کے تحت تمام سیاسی جماعتیں ملکی ترقی و خوشحالی اور عوامی خدمت میں نمایاں کردار ادا کرتی ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ 15 ستمبر عالمی یوم جمہوریت کے طور پر منایا جاتا ہے اور اس دن کو منانے کا مقصد یہی ہے کہ ہم جمہوریت کے تحفظ اور فروغ کی خاطر اپنے عزم کی تجدید کریں۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا ہے کہ پاکستان اس سال عالمی یوم جمہوریت کو اپنی تاریخ کے حوالے سے نمایاں طور پر منا رہا ہے۔ پاکستان مختلف درپیش چیلنجوں کے باوجود ایک ذمہ دار، امن پسند اور جمہوری ملک ہے جو جمہوریت کو تقویت دینے، سب کے لئے امن، مساوات اور انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے پرعزم ہے۔پارلیمنٹ کے کردار کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ آج، ہماری پارلیمنٹ عوامی رسائی،صنفی اور نوجوانوں کو شامل کرنے کے متعدد نقطہ نظر کی وجہ سے کہیں زیادہ کھلی اور شفاف کھڑی ہے۔ خاص طور پر ایوان بالا نے جمہوریت اور پارلیمنٹ کو درپیش چیلنجز کا سامنا کیا اور شاندار جمہوریت کی نئی مثالیں قائم کیں۔ جمہوریت کے تسلسل کی علامت کیلئے ایوان بالاء نے دوسری سوچ و فکر کو اْجاگر کیا اورقانون سازی کیلئے ملک کی تمام اکائیوں کی آواز بنا۔ ایوان بالا ء قومی یکجہتی، فیڈریشن یونٹس میں ہم آہنگی پیدا کرنے اور وفاقی یونٹوں کو مساوی نمائندگی دینے کے نازک توازن کو برقرار رکھتے ہوئے جمہوریت کو مستحکم کرنے کا سنگ میل طے کرچکا ہے جس سے وفاق اور جمہوریت دونوں کو تقویت ملی ہے۔

مزیدخبریں