لاہور(نمائندہ خصوصی)انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس کی استعداد کار میں اضافے کے لئے جدید تربیت اور ریفریشر کورسز میری اولین ترجیحات میں شامل ہیں ۔پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ میں جدید انویسٹی گیشن سکلز اور ماڈیولز کی عملی تربیت کیلئے پولیس سکول آف انویسٹی گیشن بہت جلد آپریشنل ہوجائے گا ۔انہوں نے مزید کہاکہ تھانوں میں آنے والے شہریوں کے ساتھ اچھا برتاؤ کیا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج ساہیوال میں پولیس دربار کے دوران پولیس افسران و ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ریجنل پولیس آفس پہنچنے پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔ اس موقع پر آر پی او ساہیوال نے انہیں ساہیوال ریجن میں پولیس ورک سے متعلق موبائل ایپلیکیشن پر جاری کام سے بھی آگاہ کیا۔ آئی جی پنجاب نے یادگار شہداء پر بھی حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ پولیس لائنز ساہیوال میں ملازمین کے لئے فری ڈسپنسری، میس اور کینٹین کا افتتاح کیا ۔