ڈینگی بخار سے بچائو کیلئے بروقت احتیاط ضروری ہے:ڈپٹی کمشنر ننکانہ

Sep 15, 2019

ننکانہ صاحب(نامہ نگار)ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب راجہ منصور احمد نے کہا ہے کہ ڈینگی بخار سے بچائو کیلیے بروقت احتیاط ضروری ہے ۔ڈینگی کا خاتمہ کرنے کے لیے ضلع بھر کے محکموں کو آگے بڑھنا ہو گا۔ان خیالات کا اظہارڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب راجہ منصور احمدنے ڈینگی کی روک تھام کے سلسلہ میں محکمہ صحت کی تشکیل کردہ ٹیموںکی کارکردگی کا جائزہ لینے کے حوالے سے تحصیل شاہکوٹ کے علاقے اسلام نگر کے دورے کے دوران کیا اس موقعہ پر رکن پنجاب اسمبلی میاں محمد عاطف، چیف ایگزیکٹو آفیسر(ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی) ڈاکٹر شکیل احمد سمیت دیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے ۔ ڈپٹی کمشنر راجہ منصور احمد نے کہا کہ گھروں کی چھتوں سے کاٹھ کباڑاور پرانے ٹائروں کو فوری طور پر ہٹایا جائے تاکہ ان میں بارش کا پانی جمع ہوکر مچھروں کی افزائش کا سبب نہ بنے ۔ڈینگی بخار سے بچائو کے لیے بروقت احتیاط ضروری ہے ۔لوگوں کو چاہیے کہ وہ اپنے ارد گرد صفائی ستھرائی کا خصوصی انتظام کریں تا کہ ڈینگی کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔ایم پی اے میاں محمد عاطف نے ڈینگی بخار میں مبتلا ہونے والے مریض کے اہلخانہ سے مریض کی طبیعت بارے دریافت کیا اور مریض کی جلد از جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر شکیل احمد نے ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تحصیل شاہکوٹ کے گائوں اسلام نگر میں محکمہ صحت کی تشکیل کردہ ڈینگی ٹیمیں چیکنگ کر رہی ہیں ابھی تک یہاں ڈینگی لاروے کی کوئی تصدیق نہیں ہوسکی۔ ایم پی اے میاں محمد عاطف کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب ڈینگی کی روک تھام کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ ڈینگی لاروے کی افزائش کھڑے اور صاف پانی میں ہوتی ہے۔ ہمیں اپنے گھر محلے، دفتر اور کام کی جگہ پر صفائی کے خصوصی انتظامات کرنے چاہیں۔

مزیدخبریں