بے نامی جائیدادوں کا بلا تاخیر پتہ لگایا جائے:ڈپٹی کمشنر قصور

Sep 15, 2019

قصور(نمائندہ نوائے وقت)ڈپٹی کمشنر قصور اظہر حیات نے کہا ہے کہ وطن عزیز کا چپہ چپہ اپنا ہے اس کے ایک ایک کونے کوترقی اور خوشحالی کی روشنی سے بقعہ نور کرینگے ،ضلع قصور میں واقع تمام بے نامی جائیدادوں کا بلا تاخیر پتہ لگایا جائے ،متعلقہ اے سی صاحبان اسے چیلنج سمجھ کر قبول کریں ،بے نامی پراپرٹیز کی تلاش کے عمل میں اسسٹنٹ کمشنرز تجربہ کار پٹواریوں کے تجربے سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور اس بارے میںمکمل ویری فکیشن کے بعد حتمی رپورٹ مرتب کر کے اے ڈی سی آر کی قیادت میں بننے والی ڈسٹرکٹ بے نامی پراپرٹیز کمیٹی میں پیش کریں ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ضلع قصور میں واقع بے نامی پراپرٹیز کی تلاش کے حوالے سے کمیٹی روم میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عابد حسین بھٹی ، اسسٹنٹ کمشنرز قصور،پتوکی ، چونیاں اور کوٹ رادھاکشن انعم زید، آصف علی ڈوگر ، شبیر احمد ڈوگر اور زہرا دستگیر کے علاوہ متعلقہ ضلعی محکمہ جات کے افسروں نے اجلاس میں شرکت کی ۔ ڈپٹی کمشنر قصور نے اس موقع پرہدایت کی کہ تمام اے سی صاحبان اس حوالے سے ماتحت اہلکاروں کی رپورٹوں کو آنکھیں بند کر کے آگے ارسال کرنے کی بجائے اپنے عملے کو ہر حوالے سے ضروری رہنمائی فراہم کریں اور اس سلسلے میں فیک اورجعلی رپورٹس دینے سے مکمل گریز کریں ۔

مزیدخبریں