اسلام آ باد (وقائع نگار خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما سینیٹر محمد جاوید عباسی نے بچوں کے جنسی استحصال اور عصمت دری (ریپ) کے ملزمان کو سزائے موت دینے سے متعلق ترمیمی بل سینٹ میں پیش کر دیا۔ ن لیگ کے سینیٹر جاوید عباسی نے ترمیمی بل سینٹ میں جمع کرایا، بل میں بچوں سے جنسی زیادتی اور ریپ کے ملزمان کو سرعام پھانسی دینے کی ترمیم شامل کی گئی ہے۔ بل میں عمر قید کے ملزم کو موت تک قید رکھنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔ سینیٹر جاوید عباسی نے بل میں زیادتی کے مقدمات کی سیشن کورٹ کی بجائے ہائیکورٹ میں سماعت کی ترمیم بھی شامل کی ہے۔ مجوزہ بل میں کہا گیا ہے کہ ہائیکورٹ ریپ اور زیادتی کے مقدمات کا فیصلہ 2 ماہ میں کرنے کی پابند ہو گی اور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل صرف سپریم کورٹ میں دائر ہو گی۔ سینٹ میں جمع کرائے گئے بل میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ زیادتی کے مقدمے میں ہائیکورٹ کے فیصلے پر اپیل 2ہفتے میں نمٹائے گی۔ مجوزہ بل میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سزاں کا اطلاق 18سال تک کی عمر کے بچے بچیوں سے ریپ اور زیادتی پر ہو گا۔
بچوں سے زیادتی‘ مسلم لیگ ن نے سرعام پھانسی کا ترمیمی بل سینٹ میں جمع کرا دیا
Sep 15, 2020