پشاور(این این آئی)خیبر پی کے اسمبلی میں اپوزیشن کی خواتین نے سی سی پی او لاہور عمر شیخ کے غیر ذمہ دارانہ بیان پر چوڑیوں اور دوپٹہ کا تحفہ پیش کردیا۔ ارکان اسمبلی نے ڈی پی او نوشہرہ کو بھی چوڑیوں اور دوپٹہ کا تحفہ پیش کیا۔ اپوزیشن خواتین نے پنجاب میںجرائم کے بڑھتے واقعات اور پولیس کی ناکامی پر پنجاب کو فوج کے حوالے کر نے کا مطالبہ کردیا۔ اسمبلی عمارت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کی نگہت اورکزئی، جمعیت علمائے اسلام کی ریحانہ اسماعیل اور مسلم لیگ (ن) کی ثوبیہ شاہد نے کہا کہ جنسی زیادتی کا شکار بننے والی خاتون سے متعلق سی سی پی او لاہور عمر شیخ کا بیان غیر ذمہ دارانہ ہے، سی سی پی او لاہور کی بے حسی پر انہیں دوپٹہ اور چوڑیاں بھجوا رہے ہیں یہ کیسی حکومت ہے کہ جس میں خواتین کی عزتیں محفوظ نہیں۔ وزیراعظم تو ریاست مدینہ کی باتیں کرتے ہیں لیکن جرائم بڑھتے جارہے ہیں۔ حکمران عوام کو جواب دہ ہیں ملک میں روزانہ خواتین کی عصمت دری اور بچوں کیساتھ زیادتی بڑھ رہی ہے موجودہ حکمرانوں اور چند ایک کرپٹ افسران نے ملک کو کفار کی ریاست بنا دیا ہے۔