لاہور‘ پشاور‘ سرگودھا‘ رحیم یار خان‘ لیاقت پور (نوائے وقت رپورٹ‘ اے پی پی‘ آئی این پی‘ بیورو رپورٹ‘ نمائندہ خصوصی‘ نامہ نگار) خواجہ سراؤں کے قتل عام اور تشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات کیخلاف لاہور‘ پشاور‘ سرگودھا‘ بہاولپور‘ رحیم یار خان اور لیاقت پور میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ لاہور میں پریس کلب کے سامنے ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں درجنوں خواجہ سراؤں نے شرکت کی۔ تشدد کی مذمت اور ذمہ داران کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پشاور کے خواجہ سرائوں نے خواجہ سرائوں، خواتین اور بچوں کو تحفظ فراہم کرنے کے حوالے سے پشاور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے کی قیادت منزل فائونڈیشن آرگنائزیشن اینڈ ٹرانس کمیونٹی کی صدر آرزو خان سمیت دیگر خواجہ سرائوں نے کی۔ مظاہرین نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جس پر ان کے حق میں مطالبات درج تھے جبکہ اس موقع پر شدید نعرہ بازی بھی کی گئی۔ مظاہرے سے خطاب میں مظاہرین کا کہنا تھا کہ خواجہ سرائوں پر تشدد کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے جو قابل تشویش ہے جبکہ آئے روز خواجہ سراء تشدد کانشانہ بنتے ہیں مگر کوئی کارروائی نہیں ہوتی۔ سرگودھا میں تحریک تحفظ خواجہ سرا ایسوسی ایشن سرگودھا کی جانب سے پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ ملک بھر میں خواجہ سراؤں کیخلاف تشدد کے واقعات اور پشاور میں قتل کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کیخلاف سخت احتجاج کیا گیا اور ان واقعات کی مذمت کی گئی۔ علاوہ ازیں فوکس ٹرانس جینڈر آرگنائزیشن بہاول پور کے زیر اہتمام خواجہ سرائوں کا پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ، احتجاجی مظاہرے میں شہر بھر کے خواجہ سراء شریک تھے جنہوں نے احتجاجی بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر نعرے درج تھے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر عمران مقبول (صاحبہ جہاں) جنرل سیکرٹری محبوب علی رانا، فنانس سیکرٹری اسماعیل (بلو) نے کہا ہے کہ آئے دن خواجہ سرائوں کے ساتھ قتل و غارت گری کے واقعات میں اضافے کے پیش نظر پورے پاکستان کے خواجہ سرائوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاشرے میں خواتین اور بچوں کے ساتھ ساتھ خواجہ سراء بھی محفوظ نہیں ہیں ہم حکومت پاکستان، آرمی چیف اور چیف جسٹس، تشدد اور تیزاب گردی کے واقعات میں ملوث تمام ملزمان کو فی الفور گرفتار کیا جائے۔ رحیم یار خان سے نمائندہ خصوصی کے مطابق خواجہ سرا ایسوسی ایشن پاکستان کی اپیل پر رحیم یارخان میں بھی خواجہ سراوں نے ملک میں بڑھتے ہوے خواجہ سراوں اور خواتین پر تشدد کے واقعات کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ ڈسٹرکٹ پریس کلب کے سامنے کیے جانے والے اس احتجاجی مظاہرے میں شی میل ایسوسی ایشن کی ڈسٹکٹ فوکل پرسن قنبر کشش اور تحصیل صدر حنا شریفاں نے کہا کہ ملک میں خواجہ سراؤں اور خواتین پر تیزاب گردی اور تشدد کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ پی ٹی آئی کی رہنما و ممبر ہیومن رائٹس کمیشن صائمہ طارق نے بھی یکجہتی کا اظہار کیا اور احتجاجی مظاہرین کو یقین دلایا کہ پی ٹی آئی حکومت خواجہ سراؤں کو مکمل تحفظ فراہم کرے گی۔ لیاقت پور سے نامہ نگارکے مطابق خواجہ سراء ویلفیئر ایسوسی ایشن اور ٹرانس جینڈر ایمپاورمنٹ تحصیل لیاقت پور کے چیئر پرسن محمد مرسلین عرف ثناء محمد، صدر حاجی جیا اور فنانس سیکرٹری حاجی چندہ نے پریس کلب لیاقت پور میں احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواجہ سرا اپنے پیٹ کی بھوک مٹانے کے لیے دن رات محنت کر رہے ہیں مگر صوبہ خیبر پی کے میں خصوصاً اور باقی ملک میں عموماً ان کے خلاف بڑھتے ہوئے واقعات خطرے اور خوف کی علامت بن چکے ہیں۔