ریاست 12 بجے کے بعد سو جاتی ہے، وزراء بدنام افسر کا دفاع کر رہے ہیں: مریم نواز 

Sep 15, 2020

اسلام آباد (وقائع  نگار خصوصی) سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی و مسلم لیگ(ن)کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ یہ پہلی حکومت ہے جو ہر واقعہ کا الزام مظلوم کو دیتی ہے۔ یہ نہ تو حفاظت کرسکتے ہیں اور نہ ہی مظلوم کی داد رسی کر سکتے ہیں۔ سوشل میڈیا پر جاری بیان میں مریم نواز نے کہا کہ آپ مجرم کے بجائے مظلوم کو الزام دے کر بھیڑیوں کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں۔ آپ کو شرم آنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سانحے اور المیے میں فرق ہوتا ہے۔ سانحہ موٹروے پر ہوا اور المیہ یہ ہے کہ سی سی پی او کہتا ہے کہ رات کو شہریوں کی حفاظت ان کی ذمے داری نہیں۔ ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ سی سی پی او نے واضح کیا کہ موٹر وے پر ڈرائیونگ کرتی عورت ریاست کا مسئلہ نہیں ہے۔ کیا آپ یہ پیغام دے رہے ہیں کہ ریاست 12 بجے کے بعد سوجاتی ہے؟ یا یہاں جنگل کا قانون ہے؟۔ ان کا کہنا تھا کہ اس حکومت سے سوال ہے کہ ایک بدنام زمانہ افسر میں کونسے سرخاب کے پر لگے ہیں جو اس کے دفاع میں وفاقی وزرا بھی میدان میں اتر آئے۔ ن لیگی رہنما نے یہ بھی کہا کہ گھر سے نکلنے والی عورت کی حفاظت ریاست کی ذمے داری ہے۔ موٹروے پر شرمناک اور اندوہناک واقعے سے پاکستان کی عوام بالخصوص خواتین ہل کر رہ گئی ہیں۔

مزیدخبریں