اسلام آباد ( خبر نگار خصوصی) دیگر ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات میں خرابی کے بعد اب بھارت کے تعلقات اپنے شمالی ہمسایہ اور واحد دوست ملک بھوٹان کے ساتھ بھی بگڑتے جا رہے ہیں، بھوٹانی عوام خصوصاً نوجوان نسل میں بھارت کے خلاف شدید جذبات کا انکشاف ہوا ہے۔ بھوٹانی اخبارات نے ملک میں بڑھتے کرونا وائرس کے کیسز کیلئے IMRAT ’’ انڈین ملٹری ٹریننگ ٹیم‘‘ کو مورد الزام ٹھہرایا ہے جو بھوٹان کی شاہی فوج کو ٹریننگ دیتی ہے۔ اس کے ساتھ بھوٹان میں بڑھ رہی بے روزگاری اور خراب مالی حالات کیلئے بھی بھارت کیخلاف جذبات پائے جاتے ہیں، بھوٹانی عوام کے تحفظات ہیں کہ بھارت کے اس شمالی ہمسایہ نے ہمیشہ بھارت کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو ترجیح دی مگر دہلی کے حکمرانوں کی جانب سے ہمیشہ ان کا استحصال ہی کیا گیا اور ہمیشہ ان کے ساتھ ہمیشہ بالا دست قوت والا برتائو رکھا گیا ۔ بھوٹان کی خارجہ پالیسی پر بھی عملاً بھارت نے قبضہ کر رکھا ہے اور ہمیشہ اس پردبائو ڈالتا رہا ہے کہ وہ چند ممالک کے علاوہ کہیں بھی اپنے سفارتخانے اور قونصل خانے قائم نہ کرے۔ نیپال کے عوامی اور سیاسی ایوانوں میں آوازایں اٹھ رہی ہیں کہ بھوٹان میں بھارت کی کرنسی کو بھی ممنوع قرار دیا جائے کیونکہ اس سے سارا ریونیو دہلی سرکار کو جاتا ہے۔ آنے والے دنوں میں چین اور بھوٹان کے مابین تجارتی نوعیت کا کوئی بڑا معاہدہ طے پا سکتا ہے۔