پنجاب میں سروسز پر ٹیکس نظام کی بہتر ی کیلئے پنجاب ریونیو اتھارٹی کو سندھ ریونیو بورڈ کی طرز پر کام کرنا چاہیے : پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن

Sep 15, 2020 | 19:10

کامرس رپورٹر

لاہور(کامرس رپورٹر )پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ پنجاب میں سروسز پر ٹیکس نظام کی بہتر ی کیلئے پنجاب ریونیو اتھارٹی کو سندھ ریونیو بورڈ کی طرز پر کام کرنا چاہیے ،صوبے میں ٹیکس خلا کو پر کرنے کیلئے ایف بی آر کے افسران کی طرز پر رویہ اپنانے کی بجائے آسانیاں پیدا کی جائیں۔صدر آفتاب ناگرہ اور سینئر نائب صدر قاری حبیب الرحمان زبیری نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ پنجاب ریونیو اتھارٹی کے افسران موجودہ ٹیکس دہندگان کو بار بار نوٹسزجاری کر کے ثابت کرنا چاہتے ہیں کہ وہ ٹیکس کلیکشن نہیں بلکہ خوفزادہ کرنا جانتے ہیں۔ نئے لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کی بجائے موجودہ ٹیکس دہندگان کوہی ایف بی آر کی طرح نشانہ بنا یا جارہا ہے۔اگر پنجاب میں سروسز پر ٹیکس نظام کی بہتر داغ بیل ڈالنی ہے تو پنجاب ریونیو اتھارٹی کو سندھ ریونیو بورڈ کا طرز عمل اپنانا ہوگا۔سندھ ریونیو بورڈ نے ٹیکس کی شرح کم کرکے ٹیکس بیس کوبڑھایاہے ، اس کے افسران اپنے رویے سے ٹیکس دہندگان کا اعتماد بحال کررہے ہیں، مالی سال کے آخر میں سندھ ریونیو بورڈ نے سر چارج اور جرمانوں کو ختم کر کے اپنی کلیکشن کو بہتر کیا اور شارٹ فال پر بآسانی قابو پالیاگیا۔آبادی کے لحاظ سے پنجاب سندھ سے بڑا صوبہ ہے جس کا فائدہ پی آر اے کو بھرپور اٹھانا چاہیے۔

مزیدخبریں