کنٹونمنٹ بورڈز الیکشن،منتخب امید واروں کے ناموں کا با ضابطہ اعلان پرسوں ہو گا

Sep 15, 2021

لاہور (فاخر ملک) الیکشن کمیشن 17 ستمبر کو ملک بھر کے 42 کنٹونمنٹ بورڈز میں  کے الیکشنوں میں منتخب ہونے والے امیدوارں کے ناموں کا باضابطہ اعلان کرے گا۔ جس کے بعد اگلے مرحلہ میں مخصوص نشستون کا چنائو اور بعدازاں ان بورڈز میں صدور اور نائب صدور کا انتخاب عمل میں آئے گا۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ 39کنٹونمنٹ بورڈز کے حالیہ الیکشن جیتنے والے سب سے زیادہ  امیدواروں کا تعلق پاکستان تحریک انصاف  سے ہونے کے باوجودپاکستان مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کی تعداد متوقع طور پر زیادہ تعداد میں صدر اور نائب صدر منتخب ہو گی۔ تاہم آزاد امیدواروں اور دوسری جماعتوں کے اشتراک سے تحریک انصاف کے ساتھ ملنے والے امیدواروں کی شراکت کے نتیجہ میں اس امر کا امکان ہے کہ تحریک انصاف 20 سے22 کنٹونمنٹ بورڈز میں اپنے حمایت یافتہ امیدواروں کو کامیاب کرانے میں کامیاب ہو جائے۔ صوبہ خیبر پی  کے سے 9 کنٹونمنٹ بورڈز میں تحریک  انصاف سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کے صدر اور نائب صدر منتخب ہونے جبکہ پنجاب کے17 کنٹونمنٹ بورڈز میں پاکستان مسلم لیگ کے صدر اور نائب صدر منتخب ہونے کی توقع ہے۔ بلوچستان میں تین کنٹونمنٹ بورڈز میں  دو میں آزاد اور ایک میں بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدواروں کے جیتنے کی توقع ہے۔ جبکہ سب سے زیادہ منقسم نتیجہ صوبہ سندھ سے متوقع ہے۔ جہاں پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کے امیدوار آزاد امیدواروں کے ساتھ ملکر کنٹونمنٹ بورڈز میں صدر اور نائب صدر منتخب کئے جانے کی توقع ہے۔

مزیدخبریں