انتخابی اصلاحات اہم ضرورت‘ ٹکراؤ نہیں اداروں کی مضبوطی پر یقین: گورنر 

لاہور (اے پی پی) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ ہم اداروں سے ٹکرائو نہیں ان کی مضبوطی پر یقین رکھتے ہیں۔ کیونکہ اداروں کی مضبوطی سے ہی پاکستان کی مضبوطی ہے۔ ملک میں جمہوریت اور پارلیمنٹ کو مضبوط کرنے کیلئے انتخابی اصلاحات وقت کی سب سے اہم اور بڑی ضرورت ہے۔ عام آدمی کو صحت اور تعلیم جیسی بنیادی سہولتوں کے ساتھ ساتھ روزگار کی فراہمی اور مہنگائی کا خاتمہ حکومت کی  ترجیحات ہے۔ وہ منگل کے روز بوائز سکائوٹس ایسوسی ایشن کے نیشنل ہیڈ کوارٹر کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ جبکہ اس موقع پر چیف کمشنر بوائز سکائوٹس ایسوسی ایشن سرفراز قمر، مر کزی سیکرٹری افتخار احمد، خزانچی سجاد مسعود چشتی، بوائز سکا ئوٹس ایسوسی ایشن پنجاب کے کمشنر ایڈمنسٹریشن محمد وسیم باری اور رانا تقاسر سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کے معاملے میں سیاسی مخالفین کا رکاوٹیں ڈالنا کسی بھی صورت جمہوریت کی خدمت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو چاہیے کہ وہ احتجاج کی دھمکیاں دینے کی بجائے آئندہ عام انتخابات کا انتظار کرے۔ ایک سوال کے جواب میںچوہدری محمد سرورنے کہا کہ کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابی نتائج سے ثابت ہوچکا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف ملک کی سب سے مقبول سیاسی جماعت بن چکی ہے۔ قبل ازیں  بوائز سکائوٹس ایسوسی ایشن پاکستان کے نیشنل ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں انہیں بوائز سکائوٹس کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سکائوٹس ایسوسی ایشن کو متحرک کیا جا رہا ہے  پنجاب میں بوائز سکائوٹس ایسوسی ایشن کی جن زمینوں اور بلڈنگز پر قبضہ کیا گیا ہے اس کی فہرست باقاعدہ تحریری طور پر فراہم کی جائے تاکہ ان کو واگزار کرایا جا سکے۔ پنجاب بھر میں موجود تمام سکائوٹس کی باقاعدہ تصدیق کی جائے اور باقاعدہ مصدقہ ڈیٹا مرتب کیا جائے اور اگر کہیں بوائز سکائوٹس کے حوالے سے غلط اعدادوشمار موجود ہوں ان کی تصدیق کی جائے اور اس میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

ای پیپر دی نیشن