واشنگٹن(صباح نیوز)امریکہ میں پاکستانی سفیر اسد مجید خان نے کہا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ ہم ماضی سے سبق سیکھیں، پاکستان اور امریکا افغانستان میں امن چاہتے ہیں۔امریکی اخبار کو دیئے گئے انٹرویو میں امریکا میں متعین پاکستانی سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان نے کہا ہے کہ میری ہمدردی نائن الیون کے متاثرین اور ان کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھی دہشت گردی کے خلاف جنگ کی بھاری قیمت ادا کی ہے، پاکستان اور امریکا افغانستان کے بارے میں یکساں موقف رکھتے ہیں۔پاکستانی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور امریکا افغانستان میں امن چاہتے ہیں، حقائق سے پتہ چل رہا ہے کہ افغانستان میں سیکیورٹی کی صورتِ حال کنٹرول میں ہے۔انہوں نے کہا کہ افغانستان میں ایک حکومت موجود ہے، عالمی برادری چاہے تو اس سے بات کرے یا اسے تنہا چھوڑ دے۔ڈاکٹر اسد مجید خان نے کہا کہ ہم نے طالبان حکومت کو ابھی تک تسلیم نہیں کیا، ہم یہ دیکھ رہے ہیں کہ افغانستان میں نئی حکومت بین الاقوامی برادری کی توقعات کو کس حد تک پورا کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے حکومت میں آتے ہی مودی سے عوامی سطح پر دوستی کا ہاتھ بڑھایا تھا، بدقسمتی سے مودی حکومت امن کی دشمن ہے۔پاکستانی سفیر کا کہنا ہے کہ پاکستان اپنے تمام تنازعات کو مذاکرات اور بات چیت کے ذریعے حل کرنا چاہتا ہے۔