یو اے ای کیساتھ تعلقات بھائی چارے اور باہمی اعتماد پر مبنی ہیں،شبلی فراز

اسلام آباد(نیوزرپورٹر)پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سلیم الزابی نے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر سید شبلی فراز سے ملاقات کی۔  وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے دفتر میں ہونے والی اس ملاقات میں متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں مختلف تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان نیشنل ایکریڈیشن کونسل اور امارات اتھارٹی فار سٹینڈرڈائزیشن اینڈ میٹرولوجی کے درمیان حلال برآمدات کے حوالے سے مفاہمت کی یادداشت پر جلد دستخط کیے جائیں گے۔ مذکورہ معاہدہ پاکستان سے متحدہ عرب امارات میں حلال مصنوعات کی برآمد کے عمل کو آسان بنائے گا ، اس طرح پاکستانی برآمد کنندگان کو فائدہ ہوگا۔علاوہ ازیں متحدہ عرب امارات کے وزیر صنعت و ترقی ٹیکنالوجی کی جانب سے وفاقی وزیر کو آئندہ دبئی ایکسپو 2020میں شرکت کی دعوت دی گئی ۔ وزیر کو گلوبل مینوفیکچرنگ اینڈ انڈسٹریلائزیشن سمٹ کے چوتھے اجلاس سے خطاب کے لیے مدعو کیا گیا ہے۔ شبلی فراز نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پرجوش شرکت کو یقینی بنایا جائے گا اور کہا کہ ایک ممتاز عالمی پلیٹ فارم کا حصہ بننا اعزاز کی بات ہوگی۔شبلی فراز نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان دو طرفہ تعلقات تاریخی ہیں اور سالوں کے بھائی چارے اور باہمی اعتماد پر مبنی ہیں۔ متحدہ عرب امارات ایک اہم ملک ہے اور پاکستان ان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا منتظر ہے ، انہوں نے مزید کہا کہ معاشی مواقع پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ عرب امارات کے  سفیر نے اس موقع پر کہا کہ مستقبل میں بھی سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون کو یقینی بنایا جائے گا۔

ای پیپر دی نیشن