ماضی میں جمہوریت کو بار بار سبوتاژکرنے سے ادارے کمزور ہوئے، قاسم سوری

Sep 15, 2021

اسلام آباد (نا مہ نگار) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ جمہوریت آزادیِ ظہار رائے اور دیگر بنیادی حقوق کی فراہمی کی ضمانت دیتی ہے۔ امن، انسانی حقوق کے تحفظ اور ملک کی ترقی کیلئے جمہوریت کا تسلسل ناگزیر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی یوم جمہوریہ کے دن کے موقع پر اپنے علیحدہ علیحدہ پیغامات میں کیا جو ہر سال 15ستمبر کو اقوام متحدہ کے زیر اہتمام دنیا بھر میں منایا جاتا ہے۔ سپیکر نے کہا کہ جمہوریت کا حس ہے کہ  ملک کو درپیش مسائل کا حل باہمی صلاح و مشورے اور بات چیت سے ڈھونڈا جائے۔ ہمارا  مذہب بھی مشاورت پر زور دیتا ہے اور مشاورت جمہوریت کا ایک اہم پہلو ہے۔سپیکر نے کہا کہ بھارت جو دنیا کی بڑی جمہوریت ہونے کا دعویددار ہے خود کشمیری عوام کے جمہوری حقوق کو صلب کر رکھا ہے ۔ پاکستانی عوام اپنے کشمیری بھائیوں کو ان کا جمہوری حق، حق خود ارادیت دلانے کیلئے ان کے ساتھ کھڑے ہیں ۔انہوں نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں کشمیری عوام کو ان کاجائزہ جمہوری حق دلانے کے لیے کردار ادا کرے۔ اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کے تسلسل سے ملک مضبوط ہو رہا ہے اور تمام سیاسی جماعتیں ملک کو درپیش چیلینجز سے نمٹنے کے لیے اپنا کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں جمہوریت کو بار بار سبوتاژ کیا گیا جس سے ادارے کمزور ہوئے۔ 

مزیدخبریں