اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد حسین چودھری نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ نے وزیراعظم کی کفایت شعاری مہم کے تحت چیئرمین سینٹ، سپیکر قومی اسمبلی، ڈپٹی چیئرمین سینٹ، ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سمیت تمام ارکان اسمبلی کی تنخواہوں میں 10 فیصد ایڈہاک الائونس کی سمری مسترد کر دی ہے۔ ملک میں آئندہ سال فائیو جی ٹیکنالوجی لانچ کر دی جائے گی۔ وزیراعظم کا عزم ہے کہ ملک کے دور دراز علاقوں میں مواصلات کا نظام رائج کیا جائے۔ بڑی گاڑیوں پر ایڈیشنل کسٹم ڈیوٹی ختم ہونے سے گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی آئے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی اور وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور نے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں اور بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹنگ کا اختیار دینے کے حوالے سے پیشرفت اور معاملات پر بریفنگ دی۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ مختلف قوانین میں مختلف ترامیم متعارف کرائی جا رہی ہیں۔ ان اصلاحات میں قوانین کو آسان بنانے اور آٹومیشن پر توجہ دی جا رہی ہے تاکہ انصاف کی جلد از جلد فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔ ان تبدیلیوں کے نتیجے میں پاکستان کا کریمنل جسٹس سسٹم تبدیل ہو کر رہ جائے گا۔ وزیر قانون فروغ نسیم نے مختلف قوانین میں ترامیم کے حوالے سے کابینہ کو تفصیلی بریفنگ دی۔ کابینہ نے ترامیم کے حوالے سے پیش کی جانے والی تجاویز کی اصولی طور پر منظوری دیتے ہوئے ان تجاویز کو کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کو بھجوانے کی ہدایت کی۔ اس کے بعد ان کریمنل ریفارمز کو نافذ کر دیا جائے گا۔ کابینہ نے کہا کہ ارباب اقتدار کو مثال دے کر ثابت کرنا چاہئے کہ وہ اس وقت تنخواہوں میں اضافہ نہیں دے رہے۔ معاشی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اس تجویز کو مسترد کیا گیا ہے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ کابینہ کو بتایا گیا کہ 14اگست 2021ء کو ایف بی آر کے ڈیٹا سنٹر پر سائبر حملے کے پیش نظر ایف بی آر حکام کی جانب سے پبلک پروکیورمنٹ رولز 2004کے تحت آپریشنل ایمرجنسی کا نفاذ کیا گیا۔ 14 اگست 2021کو ایف بی آر کی ویب سائیٹ کو ہیک کرنے کی کوشش کی گئی۔ اس کی انکوائری مکمل ہو گئی ہے اور یہ بات سامنے آئی کہ ایف بی آر کا ڈیٹا محفوظ رہا۔ ہیکرز اس تک رسائی حاصل نہیں کر سکے۔ انہوں نے بتایا کہ وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی نے کابینہ کو بتایا کہ اس سال پاکستانی ویب سائیٹس پر تقریبا 10لاکھ سائبر حملے ہو چکے ہیں۔ این ٹی سی نے ان کو ناکام بنایا۔ پاکستان کے اندر سائبر سکیورٹی کا ایک جامع فریم ورک موجود ہے۔ ہم اسے مزید مضبوط بنا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گارڈین اخبار نے بھی رپورٹ کیا تھا کہ ہندوستان نے اسرائیلی کمپنی کے ساتھ مل کر پاکستان کے اہم موبائل فونز کا ڈیٹا ہیک کرنے کی کوشش کی جن میں وزیراعظم کا نمبر بھی شامل تھا۔ ہم نے اس کے لئے ایک انکوائری کمیٹی بنائی تھی، ہم جامع ڈیٹا پروٹیکشن پر کام کر رہے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آٹو سیکٹر میں مقامی پیداوار کے فروغ (لوکلائزیشن) اور موجودہ ٹیرف نظام میں پیش آنے والی چند دقتوں کو دور کرنے کے لئے کابینہ نے ٹیرف پالیسی بورڈ کی سفارشات کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کیا کہ ایس آر او 655(1)/2006 کے تحت درآمدات پر ایڈیشنل کسٹم ڈیوٹی کی شرح سات فیصد سے کم کر کے دو فیصد کر دی جائے، اس کے ساتھ ساتھ ہیوی کمرشل وہیکلز پر بھی اے سی ڈی کی شرح سات فیصد سے کم کرکے دو فیصد کردی جائے۔ اس کے نتیجے میں بڑی گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی آئے گی۔ ہزار سی سی گاڑیوں کے سامان کی درآمد پر ایڈیشنل ڈیوٹی ختم کی گئی ہے۔ ہزار سی سی سے نیچے کی گاڑیوں کی قیمتیں بھی کم ہوں گی۔ انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے قائداعظم فائونڈیشن ایکٹ2021 کے مجوزہ مسودے کی اصولی منظوری دی ہے۔ اس قانون کا مقصد قائداعظم فائونڈیشن کا قیام ہے۔ اس کے علاوہ بیورو آف امیگریشن اینڈ اووسیز ایمپلائمنٹ کے پروٹیکٹر آف ایمیگرنٹس کی تقرری و تبادلوں کی منظوری دی گئی۔ چوہدری فواد حسین نے بتایا کہ کابینہ نے کرونا کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کیا کہ درآمدکنندگان کی جانب سے درآمد شدہ اشیا جو وئیر ہائوس میں موجود ہیں اور جنہیں بروقت کلیئر نہیں کرایا گیا، ان پر قانون کے مطابق عائد ہونے والے ایک فیصد جرمانے/سرچارج میں 30 ستمبر تک رعایت دی جائے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کابینہ نے دیامر بھاشا ڈویلپمنٹ کمپنی (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تنظیم نو کی منظوری دی۔ انہوں نے بتایا کہ کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کے 10 اگست2021 کے اجلاس میں کابینہ کمیٹی برائے ادارہ جاتی اصلاحات کے 12 اگست 2021 اور 2 ستمبر 2021 ء کے اجلاس میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 9 ستمبر2021کے اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے اس بات پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے کہ گندم کی خریداری میں تاخیر کیوں ہوئی، صوبوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر گندم کی ریلیز کے لئے اقدامات کریں۔ ہمیں امید ہے کہ پنجاب حکومت کی طرف سے گندم کی ریلیز کا شیڈول ایک دو روز میں جاری کر دیا جائے گا جس کے بعد گندم اور آٹے کی قیمت میں بتدریج کمی آئے گی۔ کابینہ نے پاکستان اور کرغزستان کے درمیان پروازوں کے لئے پی آئی اے اور کرغزستان کی ہوائی کمپنی ایویا کو پروازوں کی اجازت دی۔ کابینہ نے پی ایس او اور پاک ایل این جی کی جانب سے ایل این جی کی خریداری پر پیپرا قوانین کے قواعد کے مطابق ٹائم لائنز میں کمی کرنے کی تجویز کی بھی منظوری دی۔ فواد چودھری نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے اسرائیلی کمپنی کے سافٹ ویئر ’’پیگاسس‘‘ کے ذریعے وزیراعظم عمران خان کا فون ہیک کئے جانے کی کوششوں پر اب تک تحقیقات کا آغاز نہیں کیا جا سکا۔ جو کمیٹی تجویز کی گئی تھی اس کے پروفیشنل اراکین ہی تعینات نہیں ہو سکے ہیں۔ فواد چوہدری نے بتایا کہ بھارت نے اسرائیلی کمپنی کے ساتھ مل کر پاکستانی واٹس ایپ صارفین کا ڈیٹا ہیک کرنے کی کوشش کی تھی اس میں وزیراعظم کا فون بھی شامل تھا۔