لاہور‘ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ نمائندہ خصوصی) بلاول بھٹو سے وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف و دیگر نے ملاقات کی۔ بلاول نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کی پنجاب میں کارکردگی صفر ہے۔ پنجاب کے عوام بزدار سرکار سے بیزار ہو چکے ہیں۔ پنجاب پی ٹی آئی حکومت کی نااہلی کی سزا بھگت رہا ہے۔ پنجاب کے جیالے عمران خان کے اقتدار کا خاتمہ کریں گے۔ صوبے کے عوام سے ناانصافی ہو گی کہ وہ حکومت کی نااہلی کی سزا بھگتیں۔ علاوہ ازیں بلاول بھٹو زرداری سے عوامی نیشنل پارٹی خیبر پی کے کے صدر ایمل ولی خان نے ملاقات کی۔ بلاول نے ایمل ولی خان سے ان کے والد اسفند یار ولی خان کی خیریت دریافت کی۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان خیبر پی کے کی سیاسی صورتحال‘ خیبر پی کے کے کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات میں جیت کی بعد کی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔بلاول بھٹو زرداری نے جمہوریت کو ملک کی سلامتی اور ترقی کی ضمانت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئین پر من و عن عملدرآمد اور پارلیمان کے احترام کو مقدم رکھے بغیر ملک میں ایک نہیں بلکہ دو پاکستان چلتے رہیں گے۔ اس پر کوئی دو رائے نہیں کہ مضبوط جمہوریت اور مضبوط پاکستان لازم و ملزوم ہیں۔ چیئرمین پیپلزپارٹی سے پیپلز پارٹی کے پی کے صدر نجم الدین خان، جنرل سیکرٹری شاذی خان اور امجد آفریدی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پیپلز پارٹی کے صوبائی عہدیداران نے پارٹی چیئرمین کو سیاسی او رتنظیمی صورتحال اور کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں پشاور اور ایبٹ آباد میں پارٹی کی کامیابی کے حوالے سے رپورٹ دی۔