دشمن کو شکست دینے کیلئے ہتھیاروں کیساتھ جنگی تر بیت ضروری : جنرل باجوہ

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پنو عاقل چھائونی کا دورہ کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دورے کے دوران آرمی چیف کو آپریشنل تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے صالح پٹ میں فیلڈ فائرنگ رینجز دیکھنے کے علاوہ جنگی مشقوں میں مصروف فوجی دستوں کی جانب سے کئے جانے والی جنگی مشقوں کا جائزہ لیا۔ مشقوں میں صحرا میں دفاعی جنگ کا عملی مظاہرہ کیا گیا تھا۔ اس موقع پر فوجیوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ان کی جنگی تیاری، تربیت کے معیار اور بلند حوصلے کو سراہا کہ وہ اس قدر سخت حالات میں تربیت حاصل کر رہے ہیں۔ آرمی چیف نے فوجیوں پر زور دیا کہ دشمن کو جنگ میں شکست دینے کے لئے مختلف ہتھیاروں کے ساتھ جنگی مہارت کی تربیت کا حصول انتہائی ضروری ہے۔ اس موقع پر آرمی چیف نے سرسبز شاداب پاکستان مہم کے تحت پودا بھی لگایا۔ بعد ازاں آرمی چیف نے پنوں عاقل کے قریبی گائوں دتار دینو میں سپاہی حزب اللہ جتوئی شہید کے خاندان سے بھی ملاقات کی۔ سپاہی حزب اللہ 5 ستمبر2021  کو کوئٹہ میں اپنی تعیناتی کے دوران ایف سی کے دستوں پر آئی ای ڈی حملے میں شہید ہوئے تھے۔ آرمی چیف نے خاندان کی خیریت دریافت کی اور تمام متعلقہ افراد کو ہدایت کی کہ وہ شہدا کے خاندانوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنائیں۔ جنہوں نے مادر وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانیں قربان کی ہیں۔ 

ای پیپر دی نیشن