لاہور (اپنے نامہ نگار سے) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے ریور راوی اربن پروجیکٹ کیس میں ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو آزادانہ کنسلٹنٹ کی تقرری کیلئے ہدایات لے کر 20 ستمبر کو پیش ہونے کا حکم دیدیا۔ توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آئندہ روزانہ کی بنیاد پر کیس کی سماعت کریں گے۔ اگلی سماعت پر اس پراجیکٹ پر ماحولیاتی آلودگی کے اثرات کے بارے میں جائزہ لیا جائیگا۔ عدالت نے فریقین کو جواب داخل کروانے کی ہدایت کردی۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ بادی النظر مین یہ منصوبہ ہم سب کے لیے اچھا ہے۔ وکیل ماحولیات نے کہا ہم نے اس منصوبے کے تحت پورے راوی کو صاف کرنا ہے۔ اس پر عدالت نے کہا پھر اس منصوبے کا تجزیہ کروا لیں۔ وکیل درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ حکم امتناعی کی وجہ سے سڑک کی تعمیر رکی ہوئی ہے۔ سڑک کی عدم تعمیر کے باعث ٹریفک مسائل ہو رہے ہیں۔ استدعا ہے کہ توہین عدالت کی کارروائی عمل میں لائی جائے۔