طلباء کو کاروبارکی راہنمائی کیلئے آرسی سی آئی کے دروازے کھلے ہیں

Sep 15, 2021

 راولپنڈی( نمائندہ خصوصی) راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد ناصر مرزا نے کہا  ہے کہ نوجوان قوم کا حقیقی سرمایا ہیں ۔ انڈسٹری اکیڈیمیہ رابطے بہتر بنانا چیمبر کی اولین ترجیح ہے ۔پاکستان میں افرادی قوت کے شعبے میں بے پنا ہ صلاحیت موجود ہے اور اس صلاحیت کو مثبت سمت میں گامزن کر کے استفادہ کیا جا سکتا ہے۔ وہ چیمبر میں بحریہ یونیورسٹی کے طلبا کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے وفد کو چیمبر کی جاری سرگرمیوں اور مستقبل کے پروگراموں کے بارے میں تفصیل سے بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان قوم کا مستقبل ہیں نوجوان ملکی آبادی کا ساٹھ فی صد سے زاہد ہیں ہمیں ان پر سرمایاکاری کرنا ہوگی ۔ انہوں نے کہا راولپنڈی چیمبر ہر سال گلوبل انٹر پرینیورشپ ویک منعقد کرتا ہے  جس کے دوران  مختلف یونیورسٹیوں اور کالجز کے طلباء کو تربیتی ورکشاپس سیمنیار میں کاروبارکے حوالے سے معلومات اور آگاہی دی جاتی ہے۔  انہوں نے کہا کہ آرسی سی آئی کے دروازے طلباء کی راہنمائی کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں پندرہ یونیورسٹیوں کے ساتھ باہمی تعاون کے سمجھوتے ہو چکے ہیں جن کا مقصد طلباء کو کاروبار کی طرف راغب کرنا ہے تاکہ وہ ملکی معشیت میں اپنا کردار ادا کر سکیں انہوں نے کہا کہ دنیا تیزی سے بدل رہی ہے آپ کو بدلتی ہو ئی جہتوں کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنے آپ کو تیار کرنا ہو گا نوجوان روایتی تعلیم کے ساتھ ساتھ ٹیکنکل سکلز بہتر بنائیں ای کامرس اور ایس ایم ای اور بزنس سٹارٹ اپ کے ذریعے آپ معشیت کو نیا رخ دے سکتے ہیں۔ اس موقع پر سینئر نائب صدر عثمان اشرف، نائب صدر شاہ ریز ملک بھی موجود تھے۔

مزیدخبریں