پراپرٹی ٹیکس میں اضافہ نہیں کیا جارہا:صوبائی وزیر ایکسائز کی لاہورچیمبرکویقین دہانی

لاہور(کامرس رپورٹر)پنجاب کے وزیربرائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن حافظ ممتاز احمد نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں طارق مصباح کو یقین دہانی کرائی ہے کہ پراپرٹی ٹیکس میں کوئی اضافہ نہیں کیا جارہا، یہ پرانے نرخوں پر ہی وصول کیا جائے گا۔وہ اس ضمن میں نوتشکیل شدہ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر ہاشم جوان بخت، سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن وقاص علی محمود اور آل پاکستان انجمن تاجران کے نمائندے بشمول نعیم میر اور وقار احمد میاں بھی موجودتھے۔حافظ ممتاز احمد نے کہا کہ ری بیٹ کی سہولت دو ہفتوں کے لیے بحال کر دی گئی ہے جبکہ کسی بھی حتمی فیصلے تک ٹیکس دہندگان پر کوئی اضافی چارج نہیں لگایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس دہندگان کی جانب سے آٹو میٹڈ سسٹم کے تحت درخواستوں پرعمل درآمد کیا جا رہا ہے۔ حکومت تاجر برادری کے ساتھ مکمل تعاون کر رہی ہے اور ہم معیشت کا پہیہ چلانے کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی اہمیت سے بخوبی آگاہ ہیں۔اس موقع پر صدر لاہور چیمبر آف کامرس میاں طارق مصباح نے کاروباری برادری کے پراپرٹی ٹیکس کے مسائل کو حل کرنے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دینے پر وزیر اعلیٰ پنجاب اور محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے حکام کا شکریہ ادا کیا۔

ای پیپر دی نیشن