لاہور (اسپورٹس رپورٹر)نومنتخب چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے اپنی تمام تر ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھانے کا وعدہ کرتے ہوئے کہاہے کہ وہ شائقین کرکٹ سے رابطے میں رہنے کے لیے ہر ہفتے سوال و جواب کا سیشن کریں گے۔انہوں نے چیئرمین پی سی بی بننے کے بعد ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں نیک خواہشات کا اظہار کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا اور انہوں نے کہا کہ یہ پیغامات ان کے لیے بہت معنی رکھتے ہیں۔رمیز راجہ نے کہا کہ وہ شائقین کرکٹ سے رابطے میں رہنے کے لیے ہر ہفتے سوال و جواب کا سیشن کریں گے۔نومنتخب چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ میں اپنے عہدے کے دوران شفاف رہنے کا وعدہ کرتا ہوں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجا نے نئی اننگز شروع کردیں، وہ احسان مانی کی جگہ تین سال کے لیے بلامقابلہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے 36 ویں چیئرمین منتخب ہوگئے ہیں۔ اپنے ماہرانہ تبصروں میں سخت موقف رکھنے والے رمیز راجا کے پاس کرکٹ کی بہتری کے لیے روڈ میپ موجود ہے۔رمیز راجا ماضی میں بھی پی سی بی کے انتظامی امور میں شامل رہے ہیں ، 2000 کی دہائی کے اوائل میں وہ لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) توقیر ضیا کے دور میں بورڈ کی ایڈوائزری کونسل کے رکن تھے، بعد میں انہیں ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز بنا دیا گیا تھا۔ یہ عہدہ بعد میں چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او) میں تبدیل ہوگیا تھا، وہ شہریار خان کے دور میں بھی سی ای او رہے۔