اسلام آباد(نا مہ نگار)بارانی زرعی یونیورسٹی میں وزیر اعظم کی ٹیوشن فیس ری امبرسمنٹ سکیم کے تحت منعقدہ تقریب میں 93طلبہ میں 10.2ملین پر مشتمل سکالر شپس کے چیکس تقسیم کیے گئے جن کا انتخاب ایچ ای سی کے مقرر کردہ اصول و ضوابط کے تحت کیا گیا۔ تقریب کا اہتمام ڈائریکٹوریٹ آف فنانشل اسسٹنس اینڈ یونیورسٹی ایڈوانسمنٹ نے کیا جس میں یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان نے دیگر فیکلٹی ممبران کے ساتھ بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اپنے خطاب کے دوران پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان نے کہا کہ وزیر اعظم کی ٹیوشن فیس ری امبرسمنٹ سکیم پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ میں تعلیم کے فروغ کے لیے ایک احسن اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتِ پاکستان نے کورونا کی بیماری کے مشکل حالات کے باوجود تعلیم کو اپنی ترجیحات میں رکھا۔ جس کی وجہ سے آج بارانی زرعی یونیورسٹی میں ایک بھی طالب علم ایسا نہیں جس کی فیس ابھی تک ادا شدہ نہ ہو۔ انھوں نے پی ایچ ڈی کرنے والے طلبہ اور ان کے اساتذہ کو تلقین کرتے ہوئے کہا کہ انفرادی اور اجتماعی مقاصد کے حصول کے لیے وہ اپنا زیادہ وقت اپنی تعلیم اور کوالٹی ریسرچ پر مرکوز رکھیں۔
ری امبرسمنٹ سکیم، بارانی یونیورسٹی کے93طلبہ میںسکالر شپس کے چیکس تقسیم
Sep 15, 2021