وزیر اعظم عمران خان 2 روزہ دورے پرکل تاجکستان روانہ ہوں گے

Sep 15, 2021 | 14:30

ویب ڈیسک

وزیر اعظم کل 2 روزہ دورے پر تاجکستان روانہ ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان 2 روزہ دورے پرکل تاجکستان روانہ ہوں گے، دورے کے دوران وزیر اعظم 20 ویں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت اور پاکستان تاجکستان بزنس فورم کے پہلے اجلاس کا افتتاح کریں گے۔ذرائع کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم 16اور17ستمبر کو تاجکستان صدر کی دعوت پردورہ کریں گے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ دورے کے دوران وزیر اعظم 20ویں شنگھائی تعاون تنظیم کےاجلاس میں شرکت کرینگے اور دیگرشریک رہنماؤں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے جبکہ پاکستان تاجکستان بزنس فورم کے پہلےاجلاس کاافتتاح بھی کریں گے۔دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ بزنس فورم کیلئےپاکستانی تاجروں کا گروپ بھی دوشنبے کا دورہ بھی کرے گا۔ذرائع کے مطابق دورے پر وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ وزرا کا وفد بھی ہوگا۔

یاد رہے کہ گذشتہ ماہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی تاجکستان کے صدر امام علی رحمان سے ملاقات ہوئی تھی ، جس میں تاجک صدرکووزیراعظم عمران خان کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام دیا تھا۔

شاہ محمود قریشی نے تاجکستان کیساتھ تعلقات مزید مستحکم بنانے کےعزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا پاکستان، تاجکستان میں تاریخی تعلقات ہیں ، دونوں ممالک دوطرفہ مراسم کومزید وسعت، مستحکم بنانے کیلئے پر عزم ہیں۔

واضح رہےکہ آج وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر لاہور پہنچ گئے ہیں ۔وزیراعظم عمران خان لاہور میں مختلف اجلاسوں کی صدارت کریں گے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ملاقات کریں گے اور صوبے کے سیاسی اور انتظامی امور پر بریفنگ لیں گے۔اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان نے لاہور کے ترقیاتی منصوبوں پر اجلاس طلب کرلیا ہے۔ذرائع کے مطابق  وزیراعظم کو لاہور کے ترقیاتی منصوبوں پر بریف کیا جائے گا، وزیراعظم پنجاب میں اسپیشل اکنامک زونز کے حوالے سے بھی اجلاس کی صدارت کریں گے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار حکومت پنجاب کی تین سالہ کارکردگی سے وزیراعظم کو آگاہ کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان کنٹونمنٹ بورڈز انتخابات اور آئندہ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے بھی جائزہ لیں گے۔

وزیراعظم عمران خان کے دورہ لاہور پر پنجاب کابینہ اور پارٹی سطح پر تبدیلیاں اور ردبدل بھی متوقع ہے۔

 گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور بھی وزیراعظم سے ملاقات کریں گے۔

مزیدخبریں