کراچی سمیت سندھ بھر میں کورونا وائرس کے باعث عائد کی گئی پابندیوں میں نرمی کر دی گئی ہے جس کے سلسلے میں نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔سندھ حکومت نے صوبے بھر میں مارکیٹیں رات 10 بجے تک کھولنے کی اجازت دے دی جس کا حکم نامہ بھی جاری کر دیا۔حکم نامے کے مطابق کراچی میں اتوار کو مارکیٹیں بند رکھی جائیں گی جبکہ ہفتے کے 6 روز مارکیٹیں رات 10 بجے تک کھولنے کی اجازت ہو گی۔سندھ حکومت کے حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ صوبے بھر کے ریسٹورینٹس میں انڈور ڈائننگ بھی کھول دی گئی ہے، انڈور ڈائننگ کی رات 12 بجے تک اجازت ہو گی۔تاہم انڈور ڈائننگ کے لئے ویکسینیشن کارڈ ہمراہ رکھنا لازمی قرار دیا گیا ہے ، ریسٹورنٹس میں 50فیصد افراد کو بٹھانے کی اجازت ہوگی۔صوبے میں انڈور شادی سمیت دیگر تقریبات کی بھی اجازت دے دی گئی ہے، تاہم ان تقریبات میں 200 افراد کو شرکت کی اجازت ہو گی، جبکہ اوپن ایئر میں شادی سمیت دیگر تقریبات میں 400 افراد کو شرکت کی اجازت ہو گی۔حکم نامے کے مطابق مارکیٹوں، شاپنگ مالز اور دکانوں پر ایس او پیز پر عمل درآمد کے حوالے سے جائزہ لینے کے لیے ٹیمیں وزٹ کریں گی۔سندھ حکومت کے حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ صوبے میں ورک فرام ہوم کی شرط بھی ختم کر دی گئی ہے، اب دفاتر میں 100 فیصد عملہ کام کر سکے گا۔حکم نامے میں سندھ حکومت کا یہ بھی کہنا ہے کہ پبلک ٹرانسپورٹ میں 50 فیصد اور ٹرینوں میں 70 فیصد مسافروں کو سفر کی اجازت ہو گی۔نوٹی فکیشن کے مطابق سینما اور انڈور گیمز پر پابندی ہوگی تاہم جم ایس او پیزکے تحت کھولے جاسکیں گے جبکہ مزارات مقامی انتظامیہ اورمحکمہ اوقاف کی اجازت سے کھولے جاسکیں گے۔محکمہ داخلہ سندھ نے کہا ہے کہ نئے حکم نامے کا اطلاق 16 سے 30ستمبر تک ہوگا۔
کراچی سمیت سندھ بھر میں کورونا پابندیوں میں نرمی
Sep 15, 2021 | 17:57