لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ سیلاب زدگان تین ماہ سے لاوارث، حکمران جماعتیں مسائل کی بجائے وسائل پر قابض رہنے کی لڑائی میں مصروف ہیں۔ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کی اقتدار کے لیے رسہ کشی ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی۔ شمالی علاقہ جات، مالاکنڈ ڈویژن اور دیگر علاقوں میں سردی کی آمد آمد ہے، سیلاب متاثرین کو چھت فراہم نہ کی گئی تو بحران شدت اختیار کرے گا۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں ہوش کے ناخن لیں، بحالی کے کاموں میں سنجیدگی دکھائیں۔ پی ٹی آئی خیبر پی کے میں دس سال سے اقتدار میں ہے، نام نہاد تبدیلی کی بجائے ہر شعبہ میں تباہی آئی۔ سندھ میں پیپلزپارٹی 14برسوں سے اور پنجاب میں ن لیگ 1985ءسے اقتدار کے مزے لے رہی ہے، بلوچستان میں بھی یہی جماعتیں برسراقتدار رہیں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی انہی کی حکومتیں رہیں، حکمران بتائیں کہ عوام کی بہتری کے لیے کیا کارنامہ سرانجام دیا؟۔ لوگوں کو دھوکے میں رکھنا اور جھوٹ بولنا حکمرانوں کا وطیرہ ہے۔ جماعت اسلامی اور الخدمت فاﺅنڈیشن نے جس طرح سیلاب کے دوران قومی خدمت کی مثالیں قائم کیں، پوری دنیا اس کی گواہی دے رہی ہے، قوم کے اعتماد پر ان کے شکرگزار ہیں۔ اللہ تعالیٰ کی مدد و نصرت اور عوام کی تائید سے جماعت اسلامی کو ملک کی خدمت کا موقع ملا تو ہر شعبہ میں انقلابی تبدیلیاں لائیں گے۔
سراج الحق