مقبول ترین لیڈر پر الزامات، ن لیگ مذہبی منافرت پھیلا رہی ہے: اسد قیصر 

Sep 15, 2022


اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ن لیگی رہنما جاوید لطیف کی نفرت آمیز پریس کانفرنس پر ردعمل میں  کہا ہے کہ توہینِ مذہب  کے حوالے سے مقبول ترین لیڈر پر الزامات عائد کیے گئے۔  انکے بیانات کی ویڈیوز کو کٹ پیسٹ کر کے  لوگوں کو گمراہ  کرنے کی مہم  چلائی۔  ریاستی وسا ئل کا استعمال کیا۔ تحریک انصاف سمجھتی ہے کہ  کسی طور پر کسی کے خلاف  مذہبی منافرت نہیں پھیلانی چاہئے، آج ن لیگ ریاستی وسائل کا استعمال کر کے مذہبی منافرت پھیلا رہی  اور ملک میں فسادات کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ اسلام آباد میں تحریک انصاف کے رہنماوں افتخار درانی اور نور الحق قادری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے  انہوں نے کہ امپورٹڈ حکمران ملک کے مقبول ترین لیڈر کے خلاف گھنائونا پروپیگنڈا کر رہے ہیں، اگر یہ سمجھتے ہیں کہ لوگوں کی آنکھوں میں دھول جھونکیں گے تو  یہ انکی غلط فہمی ہے۔ عمران خان کی اسلام کے لیے خدمات پوری قوم کے سامنے ہیں۔ اسد قیصر نے کہا کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ عمران خان نے اقوامِ متحدہ میں جو اسلاموفوبیا پر بات کی ان کی کاوشوں کے ذریعے اسلاموفوبیا کے خلاف دن منانے کا اعلان ہوا جو کہ ایک بہت بڑی کاوش ہے۔ جس طرح ناموس رسالت کے حوالے سے انہوں نے پوری دنیا میں اپنی  بات رکھی کہ جب گستاخی ہوتی ہے تو پوری دنیا کے مسلمانوں کو اس پر تکلیف ہوتی ہے، اسکی کوئی مثال نہیں ملتی۔

مزیدخبریں