لاہور؍اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ وقائع نگار) سیلاب کے بعد ڈینگی کیسز میں اضافہ کا سلسلہ جاری، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کراچی میں 161 اور اسلام آباد میں 128 کیسز رپورٹ ہوئے۔ محکمہ صحت کے مطابق سندھ میں 163 کیسز رپورٹ ہوئے جس میں سے 161 صرف کراچی میں رپورٹ ہوئے۔ ضلع وسطی میں 48 ، ضلع شرقی میں 36 ، ضلع کورنگی میں 32 ، ضلع جنوبی میں 25 اور غربی میں چار کیسز سامنے آئے۔ ستمبر کے مہینے میں اب تک ایک ہزار 66 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، مجموعی طور پر کراچی سے رواں سال اب تک 3 ہزار 434 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جبکہ رواں سال ڈینگی سے 9 افراد جاں بحق بھی ہوئے ہیں۔ دوسری جانب اسلام آباد میں ڈینگی کے مزید 128 کیسز سامنے آ گئے، محکمہ صحت کے مطابق اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں 75 افراد ڈینگی میں مبتلا ہوئے۔ شہری علاقوں میں 53 افراد کا ڈینگی ٹیسٹ مثبت آیا ہے، وفاقی دارالحکومت کے دیہی علاقوں میں ڈینگی مریضوں کی تعداد 553 جبکہ اسلام آباد کے شہری علاقوں میں ڈینگی مریضوں کی تعداد 318 ہو گئی جبکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اب تک ڈینگی سے 4 افراد انتقال کر چکے ہیں۔ اسلام آباد سے وقائع نگار کے مطابق اسلام آباد میں ڈینگی وبا بے قابو ہوگئی انتظامیہ نے ڈینگی ٹیسٹ کی قیمت 18 سو روپے مقرر کردی ڈینگی کے 100 کیس مزید بڑھ گئے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی زیر صدارت ڈینگی سے بچاؤ کیلئے پرفارمنس ریویو میٹنگ ہوئی، متعلقہ اداروں نے موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی۔ ڈینگی بچاؤ کیلئے دیگر سہولیات کے ساتھ ٹیسٹ میں رعایت کر دی گئی ہے۔ ڈینگی ٹیسٹ کی اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی نے قیمت 1800 روپے مقرر کر دی ہے۔ کباڑخانے ٹائر شاپس سروس سٹیشن سمیت دیگر جگہوں کو چیک کیا۔ دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر دو افراد کے خلاف ایف آئی آر کی گئی۔