اسلام آباد (خبر نگار) وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ عمران خان حالات کو دیکھ کر این آراو مانگ رہا ہے، یہ شخص ملک میں فتنہ و فساد پیدا کرنا چاہتا ہے۔ اسے لگام نہ دی گئی تو شدید عوامی رد عمل آ سکتا ہے۔ نواز شریف کی وطن واپسی پر عوام جس طرح ان کے استقبال کے لئے جائیں گے، کسی کو چھپنے کے لئے جگہ نہیں ملے گی۔ گزشتہ روز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ عمران خان مذہب کو سیاست کے لئے استعمال کرر ہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سیاسی جماعتوں کے لئے دوہرا معیار قابل قبول نہیں۔ اگر اس فتنے کو لگام نہ دی گئی تو شدید عوامی رد عمل آسکتا ہے۔ کسی کے دبائو میں آئین اور قانون سے ماورا عمل قابل قبول نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ شریعت کورٹ دین کے حوالے سے عمران خان کے بیانات کا نوٹس لے اور اسلامی نظریاتی کونسل کو بھی اس معاملے میں متحرک ہونا ہوگا۔ ہم اسلامی تشخص پر حملے برداشت نہیں کر سکتے۔