راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹر سے ) ہائی کورٹ کے راولپنڈی بینچ نے کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیے ہیں کہ مادر پدر آزاد سوشل میڈیا پر پابندی لگائی جائے۔ وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ قطر کے دوران حکومتی وفد کی اسرائیلی وفد سے مبینہ ملاقات کے الزام کے خلاف پٹیشن کی سماعت کے دوران عدالت نے کہا کہ جس کا دل کرتا ہے سوشل میڈیا پر ملکی سلامتی کے خلاف باتیں شروع کر دیتا ہے۔آئین میں اظہارِ رائے کی آزادی ہے مگر ملکی سلامتی، دوست ممالک سے تعلقات اور حساس معاملات پر باتیں درست نہیں۔ ہائی کورٹ نے کہا کہ مادر پدر آزاد سوشل میڈیا پر پابندی لگائی جائے۔ دوران سماعت اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ اسرائیلی اور پاکستانی وفد کی قطر ائرپورٹ پر مبینہ ملاقات سے متعلق تبصرے پر ایف آئی اے نے انکوائری شروع کر دی ہے۔ لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی بینچ نے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل کی یقین دہانی پر جنرل (ر)امجد شعیب خلاف پٹیشن نمٹا دی۔