ضمنی انتخابات ، قومی اسمبلی کے  9، تین صوبائی حلقوں میں پو لنگ 16اکتوبر کو ہو گی 


 اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار)  الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی کے 9 حلقوں میں پولنگ 16 اکتوبر کو کروانے کا اعلان کر دیا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق این اے 22 مردان، این 24 چارسدہ، این اے 31 پشاور، این اے 45 کرم، این اے 108 فیصل آباد، این اے 118 ننکانہ صاحب، این اے 237 ملیر اور این اے 239 کورنگی کا ضمنی انتخاب بھی 16 اکتوبر کو ہوگا۔ الیکشن کمیشن نے 9 اکتوبر کو ہونے والے ضمنی انتخاب کا شیڈول بھی تبدیل کر دیا، 9 اکتوبر کو ہونے والا ضمنی الیکشن بھی 16 اکتوبر کو کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ 9 اکتوبر کے ضمنی انتخاب کے پولنگ شیڈول میں تبدیلی متوقع عید میلادالنبی کے باعث کی گئی۔ لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر تین صوبائی اور ایک قومی اسمبلی کی نشست پر پولنگ کی تاریخ تبدیل کی گئی۔ این اے 157 ملتان، پی پی 139، پی پی 209 خانیوال اور پی پی 241 میں اب پولنگ 9 اکتوبر کی بجائے 16 اکتوبر کو ہوگی۔ دوسری جانب الیکشن کمشن نے کراچی ڈویژن کے تمام اضلاع کیلئے پولنگ کا اعلان کر دیا۔ کراچی ڈویژن کے تمام اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کیلئے پولنگ 23 اکتوبر کو ہوگی۔ الیکشن کمشن نے کہا ہے کہ حیدر آباد ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات کیلئے صوبائی حکومت اور سندھ الیکشن کمشن سے رپورٹ منگوائی ہے۔

ای پیپر دی نیشن