لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے راولپنڈی، لاہور اور گوجرانوالہ میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے مریضوں کی تعداد میں اضافے اور مرض کی روک تھام کیلئے بروقت اقدامات نہ کرنے پر برہمی کا اظہارکرتے ہوئے متعلقہ حکام سے استفسار کیا کہ جب غیر معمولی بارشوں کی پیشگوئی تھی تو اس وقت انسداد ڈینگی پیشگی اقدامات کیوں نہ اٹھائے گئے۔ چودھری پرویز الٰہی نے وبائی امراض کی بروقت روک تھام کیلئے سینٹر آف ڈیزیز کنٹرول کے قیام کی منظوری دیتے ہوئے ہدایت کی کہ محکمہ صحت، ریسکیو 1122 اور متعلقہ ادارے مشاورت سے وبائی امراض کی روک تھام کیلئے سینٹر آف ڈیزیز کنٹرول کے قیام کیلئے ایکٹ کو حتمی شکل دیں۔ حکومت ایکٹ کو پنجاب اسمبلی سے منظور کرائے گی۔ وزیراعلیٰ نے سینٹر آف ڈیزیز کنٹرول کے قیام کے حوالے سے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی اور کہا کہ اس اقدام سے صوبے میں ڈینگی، کرونا، ہیضہ، ٹائیفائڈ اور دیگر وبائی امراض کی روک تھام میں مدد ملے گی۔ پرویز الٰہی نے انسداد ڈینگی کیلئے رکھے گئے عارضی سٹاف کو مستقل کرنے کی اصولی منظوری دیتے ہوئے ہدایت کی کہ انسداد ڈینگی کے عارضی سٹاف کو مستقل کرنے کیلئے قواعد و ضوابط کے تحت سمری پیش کی جائے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے انسداد ڈینگی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر فوگنگ مشینیں خریدنے کا حکم دیتے ہوئے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو ہدایت کی کہ فوگنگ مشینیں 7روز میں خرید کر رپورٹ پیش کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ میں انسداد ڈینگی کیلئے کیے گئے اقدامات کا باقاعدگی سے جائزہ لوں گا۔ ضلع کی سطح پر ڈپٹی کمشنرز روزانہ کی بنیاد پر میٹنگز کریں اور وزٹ کر کے خود صورتحال کا جائزہ لیں۔ میٹنگز اور وزٹ کی رپورٹ وزیراعلیٰ آفس بھجوائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اتوار اور دیگر تعطیلات کے دوران بھی انسداد ڈینگی کیلئے کام جاری رکھا جائے۔ چودھری پرویز الٰہی نے پنجاب بھر خصوصاً راولپنڈی، لاہور اور گوجرانوالہ میں موثر انڈور اور آؤٹ ڈور سرویلنس کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں صوبے میں ڈینگی کی صورتحال اور مرض پر قابو پانے کیلئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ پرویز الٰہی سے وزیراعلیٰ آفس میں بلوچستان کے وزیر خوراک انجینئر زمرک خان اچکزئی نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے بلوچستان کے بہن بھائیوں کیلئے مکمل یکجہتی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں گندم کی شدید قلت پر بہت تشویش ہے۔ بلوچستان چھوٹا بھائی ہے اور پنجاب بڑے بھائی کی حیثیت سے چھوٹے بھائی کے ساتھ کھڑا ہے۔ اگرچہ پنجاب میں گندم کی قلت ہے تاہم ہم جذبہ ایثار کے تحت بلوچستان کے بہن بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ پنجاب حکومت سیلاب سے شدید متاثر بلوچستان کو ساڑھے 64 ہزار میٹرک ٹن گندم دے گی۔ وزیراعلیٰ نے ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا) کے3 منصوبوں کا افتتاح کیا۔ چودھری پرویز الٰہی نے ٹیوٹا اداروں کے طلبہ کیلئے 43 بسوں کی چابیاں چیئرپرسن ٹیوٹا مامون تارڑ کے حوالے کیں۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے قصور میں بننے والے انسٹی ٹیوٹ آف لیدر ٹیکنالوجی کے منصوبے اور انسٹی ٹیوٹ آف بلیو پاٹری ڈویلپمنٹ، ملتان کی بحالی اور اپ گریڈیشن کے منصوبے کا بھی افتتاح کیا۔