جمہوریت نا انصافی ، پو لرائزیشن کیخلاف بہترین ہتھیار ، علم سے نگوں نہیں ہونے دیں گے : زرداری بلاول 

Sep 15, 2022

جمہوریت نا انصافی ، پو لرائزیشن کیخلاف بہترین ہتھیار ، علم سے نگوں نہیں ہونے دیں گے : زرداری بلاول 
جمہوریت نا انصافی ، پو لرائزیشن کیخلاف بہترین ہتھیار ، علم سے نگوں نہیں ہونے دیں گے : زرداری بلاول 


اسلام آباد‘ لاہور (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) سابق صدر مملکت اور صدر پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز آصف علی زرداری نے جمہوریت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ جمہوریت ہماری روح ہے، ہم جمہوریت کا علم کبھی بھی سرنگوں ہونے نہیں دیں گے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ جب کبھی بھی جمہوریت پر شب خون مارا گیا ہے اور ملک پر جبر کی تاریک رات مسلط کی گئی ہے پیپلزپارٹی کی قیادت اور کارکنوں نے اپنے خون سے چراغ روشن کرکے عوام کی رہنمائی کی ہیے آصف زرداری نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کے بانی قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید تھے جنہوں نے عوام کو سوچنے کیلئے شعور اور بولنے کیلئے زبان دی، مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو نے اپنا سارا گلشن جمہوریت کی خاطر قربان کردیا۔ پاکستان میں جب بھی جمہوریت کا سورج طلوع ہوا ہے گڑھی خدا بخش بھٹو کے قبرستان سے خون کی لالی لیکر طلوع ہوا ہے۔ آصف علی زرداری نے کہا محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے جمہوریت کی خاطر قید و بند برداشت کیا، جبر اور تشدد برداشت کیا، ان کی بہادری اور جدوجہد نے دنیا بھر میں جمہوریت کیلئے جاری تحریکوں کو عزم اور حوصلہ دیا۔ پیپلزپارٹی کے جیالے جمہوریت کی خاطر بڑے وقار کے ساتھ تختہ دار پر چلے گئے، کوڑے کھائے اور جیل برداشت کی، جمہوریت سے انحراف اور پارلیمان کو کمزور اور بے توقیر کرنے کی وجہ سے ملک مشکلات کا شکار ہوا ہے۔ ہر قسم کی مشکلات سے نکلنے کیلئے ضروری ہے کہ تمام فیصلے کرنے کا اختیار صرف عوام کی منتخب پارلیمان کو حاصل ہو۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جمہوریت انسانیت کے لئے ناانصافی‘ عدم مساوات اور پولرائزیشن سے لڑنے کا ایک بہترین ہتھیار ہے۔ جمہوریت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ آزادی صحافت اور اظہار رائے کی آزادی پر حملے ہو رہے ہیں۔ ذاتی مقاصد کیلئے مفاد پرستوں کی جانب ڈس انفارمیشن اور ضرر رساں افواہیں پھیلانا بدقسمتی سے ایک روایت بنتی جا رہی ہے جبکہ انتشار پھیلانے والے عناصر جمہوری نظام کے لئے ایک بڑا خطرہ ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ افراتفری اور سماجی ٹوٹ پھوٹ کی وجہ سے آمرانہ اور مطلق العنان خیالات نے جگہ لے لی ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اس عہد کا اظہار کیا کہ ان کی پارٹی اور پاکستان کے عوام مزید اور مضبوط جمہوریت کے لئے کھڑے ہیں۔ جمہوریت کے عالمی دن کے موقع پر  بلاول بھٹو زرداری نے خصوصی طور پر نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ انتشار پسند عناصر کے زہریلے پروپیگنڈے کا شکار ہونے کی بجائے جمہوری اور مثبت سیاست کے مرکزی دھارے میں شامل ہوں۔

مزیدخبریں