کراچی (آئی ا ین پی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے پورا ملک سیلاب میں ڈوبا ہے‘ پی ٹی آئی کو الیکشن کی پڑی ہے۔ بیرون ملک سے آنے والی امداد متاثرین میں تقسیم کی جا رہی ہے۔ بدترین تباہی کا سامنا ہے۔ اب بھی کئی شہروں سے 4 فٹ پانی ہے۔ بارشوں کے نئے سپیل کا بھی سامنا ہے۔ کوشش ہے ہر آزمائش پر پورا اتریں۔ وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ سے سعودی سفیر نواف سعید المالکی کی ملاقات ہوئی ہے، جس میں انہوں نے صوبے میں شدید بارشوں، سیلاب سے ہونے والی تباہی اور امدادی سرگرمیوں اور متاثرہ افراد کی بحالی پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں سعودی سفیر نے سیلاب کے باعث جانی نقصانات پر وزیراعلی سندھ سے تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیر اعلی مراد علی شاہ نے سعودی سفیر کو سندھ میں ہونے والی تباہ کاریوں پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سیلاب متاثرین کے لیے ریلیف کا کام اب بھی جاری ہے۔ وزیراعلی مراد علی شاہ نے کہا کہ ایک علاقے کو محفوظ کرتے ہیں تو دیگر ڈوب جاتے ہیں۔ دوسری جانب سعودی سفیر نے کہا کہ سعودی عرب اس مشکل وقت میں سندھ کے عوام کے ساتھ ہے۔ ہم سندھ میں سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کریں گے۔ سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی نے مزید کہا کہ سعودی عرب کی طرف سے 60 ٹن ریلیف کا سامان کے دو جہاز بھیج رہے ہیں۔ دوسری جانب پاکستان کے دوست ملک متحدہ عرب امارات سے سیلاب متاثرین کی امداد جاری ہے۔ یو اے ای سے مزید 2 خصوصی طیارے سیلاب متاثرین کے لئے امدادی سامان لے کر کراچی ایئرپورٹ پہنچ گئے ہیں۔
مراد شاہ