راولپنڈی (جنرل رپورٹر)راولپنڈی تعلیمی بورڈ کی ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن نے وزیراعلیٰ پنجاب ، صوبائی وزیر ہائیر ایجوکیشن ،چیف سیکرٹری پنجاب اور سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن پنجاب سے مستقل چیئرمین کی تعیناتی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ بورڈ چیئرمین کی عدم تعیناتی سے لاکھوں طلباءکا مستقبل داﺅ پر لگ گیا ہے، راولپنڈی تعلیمی بورڈ کی ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر راجہ عثمان شہزاد نے کہاکہ پنجاب کے دیگر پانچ تعلیمی بورڈز کی طرح راولپنڈی تعلیمی بورڈ کا چارج بھی کمشنر کے پاس تھا ،حکومت نے راولپنڈی تعلیمی بورڈ کے مستقل چیئرمین کی تعیناتی کے لیے باقاعدہ انٹرویوز کرکے میرٹ کے مطابق چیئرمین بورڈ کی مستقل تعیناتی کی سمری وزیراعلیٰ پنجاب کو ارسال کررکھی ہے۔
تاہم وزیراعلیٰ دفتر سے یہ سمری تاحال منظور نہ ہوسکی،اس عرصہ میں کمشنر راولپنڈی بھی کورس پر چلے گئے انہوں نے کہاکہ میٹرک کا سالانہ رزلٹ 31اگست کو آیا اور اس کے ساتھ ہی چیئرمین بورڈ کو بھی ہٹا دیا گیا جس کی وجہ سے بہت سے طلباءکے تعلیمی نتائج بھی رکے ہوئے ہیں اور یہ طلباءداخلوں سے محروم رہنے سے ان کا تعلیمی سال ضائع ہونے کا اندیشہ بھی ہے ۔