کراچی (نیوز رپورٹر) صوبے کی پہلی جدید سندھ فرانزک ڈی این اے اور سیرولوجی لیبارٹری (ایس ایف ڈی ایل) کے تحت بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی میں منعقدہ کرائم سین یونٹ آفیسرز سندھ پولیس کے لیے فرانزک ڈی این اے سے متعلق تین روزہ تربیتی سیشن کامیابی سے مکمل ہوگیا ہے۔ اس تربیتی سیشن کا مقصدپولیس افسران میں ڈی این اے سے متعلق مختلف کیسز میں نمونوں کی جمع آوری، لیبلنگ، پیکجنگ اور دستاویزات کی تیاری کے حوالے سے صلاحیتوں میں اضافہ کرنا تھا۔ایس پی کرائم سین ہیڈکوارٹرز کراچی نسیم آراءپنہور، آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کی ڈائریکٹر ایکٹنگ پروفیسرڈاکٹر فرزانہ شاہین اور ایس ایف ڈی ایل کے فرانزک کے انچارج اور پروجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر اشتیاق احمدخان نے ایل ای جے نیشنل
سائینس انفارمیشن سینٹر جامعہ کراچی میں منقعدہ کرائم سین یونٹ آفیسرز کے تربیتی سیشن کی اختتامی تقریب سے خطاب کیا۔ اس تین روزہ تربیتی سیشن میں کل 90افسران نے شرکت کی۔ایس پی کرائم سین نسیم آراءپنہور نے انتہائی کارآمد تین روزہ تربیتی سیشن کے انعقاد پر آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے سربراہ اور کامسٹیک کے کوارڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری کا شکریہ ادا کیا، انھوں نے سندھ فرانزک ڈی این اے اور سیرولوجی لیبارٹری میں موجود جدید آلات کی تعریف کی اور ماہرین کے کام کو بھی سراہا۔ پروفیسر فرزانہ شاہین نے سیشن کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کی کارکردگی کو سراہا، تربیتی سیشن کے شرکاءکے نظم و ضبط کا بھی شکریہ ادا کیا۔ ڈاکٹر اشتیاق احمدخان نے تقریب میں کلمہءسپاس ادا کیا۔ ایس پی کرائم سین نسیم آراءپنہور نے سیشن کے شرکاءکے ہمراہ سندھ فرانزک ڈی این اے اور سیرولوجی لیبارٹری کا دورہ کیا۔ آخر میں تربیتی سیشن کے شرکاءمیں اسناد تقسیم کی گئیں۔
تربیتی سیشن مکمل