ملتان (خبر نگارخصوصی )پرنسپل سائنٹسٹ مینگو ریسرچ انسٹیٹیوٹ ملتان عبدالغفار گریوال نے کہا ہے کہ آج کل آم کے باغات میں سکیلز کا حملہ مشاہدہ میں آرہا ہے۔ اس نقصان دہ کیڑے کے حملے کی علامات نہ صرف بڑے درختوں بلکہ چھوٹے پودوں پر بھی دیکھائی دیتی ہیں باغات میں ان دنوں پرانے پتوں کی رنگت بالخصوص پتوں کی نچلی سطح سیاہ نظر آرہی ہے اور یہ علامات آم کے تیلہ کے حملہ کی علامات سے ملتی جلتی ہیں۔ لیکن درحقیقت ان درختوں پر آم کا تیلہ موجود نہیں ہے۔ جب ان پتوں کا بغور مشاہدہ کیا گیا تو یہ بات سامنے آئی کہ ایسے پتوں پر سکیلز کے نوزائیدہ بچوں کا حملہ ہے ۔ اگر اس کیڑے کا اس وقت مکمل تدارک نہ کیا گیا تو اگلے سال اس کا حملہ شدت اختیار کرسکتا ہے کاشتکار سکیلز سے متاثرہ باغات میں شدید حملہ شدہ شاخوں کو کاٹ کر جلادیں۔